جالندھر: لوک سبھا انتخابات 2024 کے دوران نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کیلئے ضلع انتظامیہ نے ‘پہلی بار ووٹ دینے والوں کیلئے دو روزہ ’’ہیرٹیج واک‘‘ کے دوسرے دن چہارشنبہ کو پانچ سو نوجوانوں کو نورمحل سرائے اوردکشنی سرائے کی سیر کروائی۔نورمحل سرائے میں نوجوانوں نے ’’ووٹ جالندھر‘‘ کی ایک انسانی زنجیر بنائی اور ضلع کے تمام ووٹروں کو یکم جون کو ووٹنگ کے دن اپنا ووٹ ڈالنے کا نعرہ دیا۔ اس کے بعد اسسٹنٹ الیکشن آفیسر کم ڈپٹی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نکودر گروسمرن سنگھ ڈھلون نے دکشنی سرائے میں نوجوانوں کی قیادت کی اور ان سے ووٹنگ کے دن بغیر کسی خوف اور دھمکی کے غیر جانبداری سے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کو کہا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ہر ووٹ بہت اہم ہے ۔ اس لیے ہر اہل ووٹر کو ووٹ دینا چاہیے ۔ اس دوران ووٹنگ کا حلف لینے کے علاوہ نوجوان ووٹرز کیلئے دستخطی مہم بھی چلائی گئی۔