پہلی فہرست : بی جے پی کئی حصوں میں تقسیم

   

حیدرآباد ۔ 23 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : بی جے پی امیدواروں کی پہلی فہرست جاری ہونے کے بعد پارٹی قائدین کی ناراضگیاں عروج پر پہونچ گئی ہیں ۔ اسمبلی حلقہ مدہول کا ٹکٹ نہ دینے پر ضلع نرمل کی بی جے پی صدر رما دیوی میڈیا کے سامنے رو پڑی اور بطور احتجاج بی جے پی سے مستعفی ہوگئی ۔ اس کے علاوہ اسمبلی حلقہ پٹن چیرو کا ٹکٹ سابق رکن اسمبلی نندیشور گوڑ کو دینے کی 8 منڈل اور ڈیویژن کے بی جے پی صدور نے مخالفت کی اور اپنے فیصلے پر دوبارہ نظر ثانی کرنے کا بی جے پی قیادت کو الٹی میٹم دیا بصورت دیگر پارٹی سے مستعفی ہوجانے کا انتباہ دیا ۔ اسمبلی حلقہ گوشہ محل کے ٹکٹ کے مسئلہ پر بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری بنڈی سنجے اور بی جے پی کی قومی نائب صدر ڈی کے ارونا کے درمیان ٹھن گئی ۔ بنڈی سنجے نے راجہ سنگھ کو ٹکٹ دینے کی پیروی کی جب کہ ڈی کے ارونا نے وکرم گوڑ کو ٹکٹ دینے کی حمایت کی ۔ بیشتر قومی اور تلنگانہ بی جے پی قائدین کی موجودہ رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو تائید حاصل ہوگی ۔ جس کے بعد بی جے پی کی قومی قیادت نے 14 ماہ کی معطلی کو ختم کرتے ہوئے دوبارہ راجہ سنگھ کو ٹکٹ دیا ہے ۔ جس پر وکرم گوڑ ناراض ہوگئے ہیں اور وہ اپنے حامیوں کے ساتھ مشاورت کررہے ہیں ۔ اس کے علاوہ بی جے پی نے اپنی پہلی فہرست میں ایک بھی مسلم قائد کو ٹکٹ نہیں دیا ہے ۔ یہاں تک کہ پرانے شہر سے بھی مسلم قائدین کو برائے نام ہی سہی امیدوار نہیں بنایا ہے ۔ جس پر بی جے پی اقلیتی مورچہ میں مایوسی اور ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ بی جے پی کے سینئیر قائد سابق رکن اسمبلی این وی ایس ایس پربھاکر نے پہلی فہرست میں اُپل اسمبلی حلقہ سے ان کے نام کا اعلان نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ اسمبلی حلقہ خیریت آباد سے ٹکٹ کے دعویدار رہنے والے دوسرے قائدین نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔۔ ن