بسوں میں خواتین کا ہجوم، ایل بی نگر تا ابراہیم پٹنم نئی سرویس
حیدرآباد ۔ یکم فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت سے مرد حضرات کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ بسوں میں خواتین کے ہجوم سے نمٹنے کیلئے بس کنڈکٹرس کو دشواریاں پیش آرہی ہیں اور گزشتہ دنوں خواتین کے آپس میں جھگڑے اور کنڈکٹر پر حملہ کے واقعات منظر عام پر آئے۔ خواتین کو مفت سفر کی سہولت کے خلاف تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ۔ ان حالات میں حکومت کو الجھن کا سامنا تھا کہ آخر مرد مسافرین کی شکایات کو کس طرح دور کیا جائے۔ تلنگانہ آر ٹی سی میں ایک منفرد فیصلہ کرتے ہوئے مردوں کیلئے خصوصی بس سرویس متعارف کرنے کی ٹھان لی ہے جس میں خواتین کا داخلہ ممنوع رہے گا۔ حیدرآباد میں ابراہیم پٹنم تا ایل بی نگر روٹ پر مردوں کیلئے خصوصی بس سرویس شروع کی گئی ہے تاکہ دفاتر کو پہنچنے میں مرد مسافرین کو سہولت ہو۔ اسکول اور کالجس جانے والے طلبہ اور سرکاری و خانگی ملازمین کی سہولت کیلئے ’’مینس ایکسکلیوزیو‘‘ متعارف کی گئی ۔ آر ٹی سی عہدیداروں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں ایک بس اس روٹ پر چلائی جائے گی کیونکہ اس روٹ پر کئی انجنیئرنگ کالجس ہیں۔ یہ بس ایل بی نگر اور ابراہیم پٹنم کے درمیان چلائی جائے گی۔ صبح 8.30 بجے بس روانہ ہوگی اور شام 4.30 بجے واپس ہوگی۔ واضح رہے کہ ریونت ریڈی حکومت نے 7 ڈسمبر کو حلف برداری کے بعد خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت کا آغاز کیا ۔ مہا لکشمی اسکیم کے تحت یہ سہولت دی جارہی ہے جس میں تقریباً 31 فیصد خواتین سفر کرتے ہوئے اس سہولت سے استفادہ کر رہی ہیں۔ آر ٹی سی نے مسافرین کے ہجوم سے نمٹنے کیلئے نئی بسوں کی خریدی کا فیصلہ کیا ہے۔ 1