سرسلہ کے آٹوڈرائیورس میں انشورنس بانڈس کی تقسیم ۔کے ٹی آرکاخطاب ‘حکومت پرسخت تنقید
گمبھی راوپیٹ؍سرسلہ، 10 دسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سرسلہ ضلع میں آٹو ڈرائورس کے لیے آتمیہ بھروسہ پروگرام شاندار طور پر منعقد ہوا، جس میں بی آر ایس کے ورکنگ پریزیڈنٹ و رکن اسمبلی کے ٹی راما راؤ نے سرسلہ تلنگانہ بھون میں آٹو ڈرائیوروں کو انشورنس بانڈز تقسیم کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ آٹو ڈرائیوروں کے ساتھ بی آر ایس کا تعلق برسوں پرانا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ تلنگانہ علیحدہ تحریک کے دوران عوامی ہڑتال کے دوران بھی آٹو برادری نے غیر معمولی تعاون فراہم کیا تھا۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ غیر منظم شعبے کے 13 لاکھ ڈرائیوروں کے لیے انشورنس اسکیم کا آغاز کے سی آر کا تاریخی قدم تھا، جو پورے ملک میں اپنی نوعیت کی واحد پہل ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں پہلی مرتبہ کسانوں کو بیمہ فراہم کرنے کا اعزاز بھی کے سی آر کے پاس جاتا ہے، اور اگر وہ تیسری بار وزیر اعلیٰ بنتے تو ریاست کے ہر خاندان تک انشورنس اسکیم کے فوائد پہنچ چکے ہوتے۔ کے ٹی آر نے مزید کہا کہ بیڑی بنانے والی خواتین کو ماہانہ 2000 روپے پنشن بھی کے سی آر حکومت کا ہی کارنامہ ہے۔کانگریس حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’تبدیلی‘‘ کے نعرے دینے والوں نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ کے ٹی آر نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس آٹو میں راہول گاندھی نے حالیہ سفر کیا، اس آٹو ڈرائیور کے پاس پہلے دو ذاتی آٹو تھے، مگر اب وہ کرایے کا آٹو چلانے پر مجبور ہے، جو موجودہ حکومت کی ناکامیوں کی واضح تصویر ہے۔کے ٹی آر نے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت نے نوجوانوں کے روزگار سمیت متعدد وعدے پورے نہیں کیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’’جب بجٹ ہی ڈھائی لاکھ کروڑ ہے تو ایک کروڑ خواتین کو کروڑ پتی بنانے کا دعویٰ کیسے پورا ہوگا؟‘‘انہوں نے کہا کہ آٹو ڈرائیوروں کو ماہانہ 1000 روپے دینے کے وعدے کے تحت اب تک 1560 کروڑ روپے بقایا ہیں، جبکہ کے سی آر کی جانب سے 13 لاکھ ڈرائیوروں کے لیے شروع کردہ انشورنس اسکیم کو بھی ختم کر دیا گیا۔کے ٹی آر نے اعلان کیا کہ آٹو، ٹریکٹر ٹرالی، جیپ، ٹیکسی اور کار ڈرائیوروں سمیت تمام ڈرائیوروں کو اسکیم کے تحت مکمل انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ بجٹ میں ریاستی حکومت آٹو ویلفیئر بورڈ قائم نہ کرے تو فروری میں ’’مہا دھرنا‘‘ کیا جائے گا۔کے ٹی آر نے مزید کہا کہ آٹو ڈرائیوروں کو مالی مضبوطی کے لیے اپنی سوسائٹی قائم کرنی چاہیے، اور بی آر ایس ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر حکومت واقعی آٹو برادری کی خیر خواہ ہے تو حادثات میں جان گنوانے والے 160 آٹو ڈرائیوروں کے خاندانوں کو فی کس 10 لاکھ روپے معاوضہ فوری ادا کرے۔آخر میں کے ٹی آر نے اعلان کیا کہ ضلع بھر کے آٹو ڈرائیوروں کو حادثاتی انشورنس کے ساتھ ساتھ ہیلتھ کارڈز بھی فراہم کیے جائیں گے۔تقریب میں بی آر ایس قائدین توٹا آگیا اور چیلیڈہ لکشمی نرسمہا راؤ‘ کونڈوری راویندر راو سمیت دیگر مقامی قائدین موجود تھے۔