پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین کا اسی ماہ آغاز‘ 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کی صلاحیت

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی۔3؍جنوری (ایجنسیز) انڈین ریلوے نے طویل فاصلے کے مسافروں کے لیے ایک اہم اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے ملک کی پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین شروع کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ یہ جدید سلیپر ٹرین گوہاٹی اور ہاوڑہ کے درمیان چلائی جائے گی جس سے آسام اور مغربی بنگال کے مسافروں کو تیز، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت حاصل ہوگی۔ریلوے حکام کے مطابق اس سلیپر ٹرین کے تمام آزمائشی مراحل، حفاظتی جانچ اور تکنیکی منظوری کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل ہو چکا ہے۔ یہ ٹرین تکنیکی طور پر 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی رفتار 123 کلومیٹر فی گھنٹہ رکھی گئی ہے۔یہ جدید سلیپر ٹرین 16 بوگیاں پر مشتمل ہوگی جن میں تین کلاس کی 11 اے سی بوگیاں، سیکنڈ کلاس کی 4 اے سی بوگیاں اور ایک فرسٹ کلاس اے سی کوچ شامل ہے۔ اس ٹرین میں تقریباً 823 مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی جس سے طویل فاصلے کے سفر میں سہولت اور آرام کو یقینی بنایا جائے گا۔ریلوے ذرائع کے مطابق اس سروس کے آغاز سے آسام کے کامروپ میٹروپولیٹن اور بونگائیگاؤں اضلاع کے ساتھ ساتھ مغربی بنگال کے کوچ بہار، جلپائی گوڑی، مالدہ، مرشد آباد، پوربا بردھمان، ہوگلی اور ہاوڑہ اضلاع کو براہ راست فائدہ پہنچے گا جس سے علاقائی رابطہ مضبوط ہوگا۔کرایوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس سلیپر ٹرین کے کرایے ہوائی سفر کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم رکھے گئے ہیں۔ تھرڈ کلاس کے اے سی کا کرایہ 2300 روپے، سکنڈ کلاس کے اے سی کا کرایہ 3000 روپے جبکہ فرسٹ کلاس اے سی کا کرایہ 3600 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس ٹرین میں کرایوں میں اچانک اضافہ نہیں کیا جائے گا۔کھانے پینے کے انتظامات علاقائی ذوق کے مطابق کیے گئے ہیں۔ گوہاٹی سے چلنے والی ٹرین میں آسام کے روایتی کھانے جبکہ ہاوڑہ سے روانہ ہونے والی ٹرین میں بنگالی پکوان مسافروں کو فراہم کیے جائیں گے۔وندے بھارت سلیپر ٹرین جدید حفاظتی نظام، ہنگامی رابطہ سہولت، بہتر صفائی کے انتظامات، خودکار دروازوں اور جدید ڈرائیور کیبن سے لیس ہوگی۔ ریلوے حکام کے مطابق آئندہ چھ ماہ میں مزید آٹھ وندے بھارت ٹرینیں شروع کی جائیں گی جبکہ سال کے اختتام تک بارہ نئی ٹرینیں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔ طویل مدتی منصوبے کے تحت دو ہزار انتیس تک دو سو وندے بھارت ٹرینیں تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔