پہلی ہی بارش میں ٹپکنے لگا 3000 کروڑ لاگتی اسٹیچیو آف یونٹی

,

   

کیوڑیا۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے بلند ترین مجسمہ کے طور پر وسط گجرات کے ضلع نرمدا میں کیوڑیا کے نزدیک نصب سردار ولبھ بھائی پٹیل کا182 میٹرکا اعظیم مجسمہ اپنی نقاب کشائی کے بعد پہلی ہی بارش میں برساتی پانی کے رساو اور ٹپکنے کے مسائل کا سامنا کر رہا ہے ۔ تقریبا 3,000 کروڑ کی لاگت سے تعمیر اس مجسمہ کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ برس 31 اکتوبر کو کیا تھا ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک ضلع نرمدا کے گروڑیشور علاقہ ، جس میں یہ واقع ہے ، میں کوئی بھاری بارش نہیں ہوئی ہے ۔ وہاں گزشتہ 24 گھنٹے میں صرف 11 ملی میٹر اور اب تک کے بارش میں محض 5% بارش ہوئی ہے مجسمے کے سینے میں دل کی جگہ 153 میٹر کی اونچائی پر بنی ویونگ گیلری میں بھی مبینہ طور پر برساتی پانی بھر گیا ہے ۔ مجسمہ کی تعمیر اور دیکھ ریکھ کا کام لارسن اینڈ ٹبرو کمپنی کرتی ہے ۔ نرمدا ضلع کے کلکٹر آئی کے پٹیل نے یو این آئی سے بات چیت میں آج اعتراف کیا کہ مجسمے کے کچھ حصوں میں رساو کا مسئلہ ہے اور اسے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ حالانکہ انہوں نے اس بات سے انکار کیا کہ ویونگ گیلری میں پانی کا جمع ہو نا کسی خرابی کی وجہ سے ہو رہا ہے ۔ پٹیل نے کہا کہ ویونگ گیلری کا ڈیزائن ہی ایسا تیار کیا گیا ہے کہ برسات کے دوران اس میں پانی آئے ۔ اسے بند کرنے پر یہاں سے نظر آنے والا‘ برڈ آئی ویو ’ نہیں دیکھ پائے گا ۔ اس میں پانی کی نکاسی کیلئے چیانل بھی بنایا گیا ہے۔ رساو کی بات تو صحیح ہے لیکن ویونگ گیلری میں کوئی تکنیکی مسئلہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ عظیم مجسمہ کی لفٹ میں نائب وزیراعلیٰ بہار سشیل مودی گزشتہ 13 نومبر کو تب پھنس گئے تھے جب اچانک بجلی گل ہو گئی تھی۔