بنگلور۔20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) طاقتور آسٹریلیا کے خلاف تین مقابلوں کی ونڈے سیریز میں خسارے کے باوجود 2-1 کی کامیابی اور گزشتہ دورے پر نیوزی لینڈ کے خلاف بہتر مظاہرے سے ہندوستانی ٹیم کا اعتماد مزید بلند ہوا ہے اور اب ویراٹ کوہلی نے 24 جنوری کو شروع ہونے والے نیوزی لینڈ کے دورے کے متعلق کہا ہے کہ وہ اس دورے پر پہلی گیند سے نیوزی لینڈ کو دبائو میں رکھنے کی کوشش کریں گے۔ ہندوستانی ٹیم مجوزہ دورے پر 5 ٹوئنٹی 20 اور 3 ونڈے مقابلوں کے علاوہ 2مقابلوں کی ٹسٹ سیریز بھی کھیلے گی جس کا آغاز 24 جنوری کو ہورہا ہے۔ گزشتہ مرتبہ جب ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کا دورہ کیا تھا تو اسے نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں 4-1 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی اور ٹوئنٹی 20 بہتر مظاہرے کے باوجود 1-2 کی ناکامی برداشت کرنی پڑی تھی۔ آسٹریلیا کے خلاف منعقدہ سیریز میں کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ گزشتہ مرتبہ جب ہم نے نیوزی لینڈ کا دورہ کیا تھا تو ہمارے مظاہرے بہتر تھے اور اس مرتبہ بھی ہم میزبان ٹیم کو پہلی ہی گیند سے دبائو میں رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ گھریلو میدانوں پر کامیابی حاصل کرتے ہیں تو یہ اعتماد کو بحال کرتا ہے اور یہ میزبان ملک ہونے سے کامیابی کو یقینی بنانے کا بھی دبائو رہتا ہے۔ گزشتہ برس ہم نے نیوزی لینڈ میں بہتر مظاہرہ کیا تھا اور خاص کر مقابلے کے درمیانی اوورس میں وکٹیں حاصل کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو دبائو میں رکھا تھا جس سے ہمیں وکٹیں بھی حاصل ہوئی تھیں۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے فیصلہ کن مقابلے سے قبل کھلاڑیوں کے درمیان یہ بات ہوئی تھی کہ اگر ہم سیریز میں کامیابی حاصل کرتے ہیں تو نیوزی لینڈ کے دورے سے پہلے ہمیں کامیابی سے اعتماد بحال کرنے کا موقع ملے گا۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کوہلی ٹاس نہیں جیت پائے لیکن اس کے باوجود حالات سے خود کو جلد ہم آہنگ کرتے ہوئے نہ صرف بہتر مظاہرہ کیا بلکہ سیریز میں کامیابی حاصل کی اور اسی طرز کو وہ نیوزی لینڈ میں بھی اپنانے کے لیے کوشاں ہوں گی۔