پہلی 10 پروازوں میں 2300افراد کی واپسی ، آج آغاز

,

   

بورڈنگ کے پہلے ہر مسافر کی اسکریننگ ہوگی ، کووڈ۔19 کی علامات پر دواخانہ منتقلی
نئی دہلی، 6مئی (سیاست ڈاٹ کام) بیرون ملک پھنسے ہندستانیوں کو واپس لانے کے لئے جمعرات سے شروع ہورہے مشن کے پہلے دن دس پروازوں میں تقریباً 2300مسافر کی وطن واپسی ہوگی۔شہری ہوابازی کی وزارت سے موصولہ اطلاع کے مطابق 7مئی کو سرکاری طیارہ خدمات فراہم کرانے والی کمپنی ایئر انڈیا سات اور اس کی معاون کمپنی ایئر انڈیا ایکسپریس تین پروازیں چلائے گی۔ ان میں تقریباًً 2300لوگوں کو لائے جانے کا منصوبہ ہے ۔ بورڈنگ سے پہلے ہر مسافرکی اسکریننگ کی جائے گی اور جن میں کووڈ۔19 کی علامات ہوں گی انہیں ٹکٹ ہونے کے باوجود طیارہ میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔متحدہ عرب امارات کے ابو ظہبی سے ایک پرواز کوچی کے لئے اور دوبئی سے ایک پرواز کوزی کوڈ کے لئے روانہ ہوگی۔ دونوں میں 200-200مسافروں کو لایا جائے گا یہ ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز ہوں گی۔ ایئر انڈیا ایکسپریس کی تیسری پروا ز قطر کے دوحہ سے کوچی کے لئے ہوگی جس میں 200لوگوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔ایئر انڈیا سعودی عرب کے ریاض سے کوزی وڈ (200مسافر)، برطانیہ کے لندن سے ممبئی (250مسافر)، سنگاپور سے ممبئی (250مسافر)، ملائشیا کے کوالالمپور سے دہلی (250مسافر)،امریکہ کے سین فرانسسکو سے ممبئی ہوتے ہوئے حیدرآباد (300مسافر)، فلپائن کے منیلا سے احمد آباد (250مسافر) اور بنگلہ دیش کے ڈھاکہ سے سری نگر کے لئے (200مسافر)، ایک ایک طیارہ چلائے گی۔بیرون ملک سے ہندستانیوں کو لانے کے حکومت کے فیصلے کے بعد شہری ہوابازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے منگل کو بتایا کہ پہلے ایک ہفتہ میں 7مئی سے 13کے درمیان 64اسپیشل فلائٹوں میں 12ممالک سے 14,800ہندستانیوں کو وطن لانے کا منصوبہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ ان مسافروں کو کرایہ خرچ خود برداشت کرنا ہوگا۔ کرایہ وزارت کی طرف سے طے کیا گیا ہے ۔ امریکہ سے ہندستان کا کرایہ ایک لاکھ روپے اور برطانیہ سے پچاس ہزار روپے رکھا گیا ہے ۔