پہلے دروناآچاریہ ایوارڈ یافتہ کوچ بھاردواج کی موت

   

نئی دہلی ۔ ہندوستان کے پہلے دروناآچاریہ ایوارڈ یافتہ کوچ او پی بھاردواج طویل علالت اور عمر سے متعلق پریشانیوں کی وجہ سے جمعہ کو انتقال کرگئے ، وہ82 برس کے تھے ۔ ان کی اہلیہ سنتوش کا10 دن قبل علالت کے سبب انتقال ہوگیا تھا۔بھاردواج کو 1985 میں دورنا آچاریہ ایوارڈ شروع کئے جانے پر بال چندر بھاسکر بھاگوت (کشتی) اور او ایم نامبیار (ایتھلیٹکس) کے ساتھ ٹرینر کو دی جانے والے سب سے اعلی ترین ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا تھا۔سابق باکسنگ کوچ اور بھاردواج کے اہل خانہ کے قریبی دوست ٹی ایل گپتا نے کہا ہیکہ صحت سے متعدد پریشانیوں کی وجہ سے وہ پچھلے کئی دنوں سے بیمار اور دواخانہ میں داخل تھے ۔ عمر سے متعلق مسائل بھی تھے اور10 دن پہلے اپنی اہلیہ کے انتقال سے بھی انہیں صدمہ پہنچا تھا۔بھاردواج 1968 سے 1989 تک ہندوستانی باکسنگ ٹیم کے کوچ تھے ۔ وہ قومی سلیکٹر بھی تھے ۔ جبکہ ان کے کوچنگ میں ہندوستانی باکسروں نے ایشین گیمز ، دولت مشترکہ کھیلوں اور جنوبی ایشین گیمز میں میڈلس جیتے ۔ انہوں نے کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کو دو ماہ تک باکسنگ کے گر بھی سکھائے تھے ۔