پٹنہ، 7 نومبر ( یو این آئی) بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ریاستی اسمبلی کے پہلے مرحلے کے انتخابات میں ریکارڈ ووٹنگ کیلئے ریاست کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ پہلے مرحلے میں ریکارڈ ووٹنگ کیلئے بہار کے عوام کا دل سے شکریہ ! گزشتہ برسوں میں بہار نے غیر معمولی ترقی کی ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ بہار کو ترقی یافتہ ریاستوں کی صف میں شامل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ووٹنگ صرف حق نہیں بلکہ ذمہ داری بھی ہے۔ نتیش کمار نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آنے والی 11 تاریخ کو دوسرے مرحلے کی ووٹنگ میں بھی اسی جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیں،تاکہ بہار مزید ترقی کرے ، سب کا احترام ہو اور سب کی ترقی ہو۔قابلِ ذکر ہے کہ بہار نے 6 نومبر کو اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 64.66 فیصد ووٹنگ کے ساتھ ریاستی انتخابی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔ انتخابی کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، پہلے مرحلے میں 121 اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ ہوئی، جہاں تقریباً 3.75 کروڑ ووٹروں کو اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کا موقع ملا۔