نئی دہلی، 6 نومبر (یو این آئی) الیکشن کمیشن کے انٹرنیشنل الیکٹورل وزیٹر پروگرام (آئی ای وی پی) کے تحت سات ممالک کے 16 مندوبین نے مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کا مشاہدہ کرنے کے لیے آج بہار کا دورہ کیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق جن سات ممالک کے مندوبین نے انتخابی کاموں کا مشاہدہ کرنے کے لیے جمعرات کے روز بہار کا دورہ کیا ان میں انڈونیشیا، کولمبیا، فلپائن، فرانس، بیلجیم، جنوبی افریقہ اور تھائی لینڈ کے نمائندے شامل ہیں۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ عالمی وفد اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے بے مثال انتظامات کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ آئی ای وی پی الیکشن کمیشن کا اہم پروگرام ہے جو بین الاقوامی تال میل کو فروغ دینے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے ۔ یہ دوسرے ممالک کے انتخابی اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کو ہندوستان کے وسیع جمہوری عمل سے واقف ہونے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے ۔
