11 دسمبر کو رائے دہی ۔ اسی دن نتائج کا اعلان ہوگا ۔ اتوار سے دوسرے مرحلے کے پرچہ نامزدگیوں کا عمل شروع ہوگا
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ میں پہلے مرحلے کے گرام پنچایت انتخابات کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل اختتام کو پہونچا ۔ جمعرات کو پرچہ نامزدگیاں قبول کرنے کا عمل شروع ہوا تھا جو ہفتہ کی شام 5 بجے ختم ہوگیا ہے ۔ پہلے مرحلے کے انتخابات کے پیش نظر ریاست کے 31 اضلاع کے 189 منڈلوں میں 4236 سرپنچ عہدوں اور 37,440 وارڈس کے انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ اتوار کو پرچہ نامزدگیوں کی جانچ کے بعد عہدیدار درست رہنے والے امیدواروں کی فہرست کو قطعیت دیں گے ۔ اگر سرپنچ اور وارڈ ممبر امیدواروں کے پرچہ نامزدگیاں مسترد ہوتے ہیں تو ایسے امیدوار متعلقہ ریونیو ڈیویژنل ، سب کلکٹر کے پاس ریٹرننگ عہدیدار کے خلاف 31 نومبر تک اپیل کرسکتے ہیں ۔ 2 دسمبر کو اپیل کا جائزہ لیا جائے گا ۔ 3 دسمبر تک پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری حاصل کی جاسکتی ہے ۔ اسی دن سہ پہر 3 بجے کے بعد انتخابی مقابلہ میں برقرار رہنے والے امیدواروں کا اعلان کرتے ہوئے انہیں انتخابی نشانات آلاٹ کئے جائیں گے ۔ 11 دسمبر کو صبح 7 بجے سے دوپہر ایک بجے تک رائے دہی ہوگی اور اسی دن دوپہر 2 بجے سے ووٹوں کی گنتی کرتے ہوئے نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ نامزدگی کا عمل ختم ہوجانے کے بعد امیدوار انتخابی مہم پر توجہ دے رہے ہیں ۔ رائے دہندوؤں کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کے لیے بڑے بڑے وعدے کررہے ہیں ۔ پہلے مرحلے کے انتخابات منعقد ہونے والے گرام پنچایتوں کے علاوہ ریاست کے مختلف مقامات پر انتخابات بلا مقابلہ ہوئے ہیں ۔ چند گرام پنچایتوں میں سرپنچس اور وارڈ ممبرس بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے آبائی گاؤں کونڈا ریڈی پلی سرپنچ کا بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ ریونت ریڈی کے بچپن کے دوست وینکٹیا سرپنچ منتخب ہوگئے ۔ کونڈا ریلای پلی میں سرپنچ کا عہدہ ایس سی طبقہ کے لیے محفوظ ہوا ہے ۔ جملہ 15 لوگ دعویدار تھے ۔ جس پر گاوں والوں نے آپس میں مشاورت کے بعد سرپنچ کے انتخاب کو بلا مقابلہ بنایا ہے ۔ 30 نومبر سے ریاست میں دوسرے مرحلے کے انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگیاں قبول کی جائیںگی ۔ یہ عمل 2 دسمبر تک جاری رہے گا ۔ 3 دسمبر کو پرچہ نامزدگیوں کی جانچ ہوگی ۔ 6 دسمبر تک پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری اختیار کی جاسکتی ہے ۔ اسی دن امیدواروں کی قطعی فہرست جاری کی جائے گی اور امیدواروں کے لیے انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے ۔ 14 دسمبر کو پولنگ مقرر ہے اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائیگا ۔ 2
