کانگریس پر چیف منسٹر یوپی یوگی آدتیہ ناتھ کی درپردہ تنقید
دیوریا: کانگریس کا نام لئے بغیر اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ لوگوں سے اپوزیشن کی تفریقانہ پالیسیوں سے محتاط رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سوچ اور ارادے خطرناک ہیں۔ اسی سوچ کے تحت انہوں نے پہلے ملک کو تقسیم کیا اور اب سماج میں تفریق پیداکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔دیوریا اسمبلی ضمنی الیکشن کے پیش نظر مسٹر یوگی نے ہفتہ کو یہاں منعقد بوتھ صدور،بوتھ انچارج،سیکٹر کوآرڈینیٹر اور سیکٹر انچاروں کی ورچول میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا’ ان کے لئے اپنے خاندان کا مفاد ہی سب سے اوپر ہے ۔ باقی سب سیکنڈری ہے ۔ 15سال تک ریاست کے اقتدار پر قابض رہنے والی بی ایس پی اور ایس پی کے پاس حصولیابی کے نام پر صرف بدعنوانی اور لاقانونیت ہے ۔ وقت وقت پر ان پارٹیوں نے اپنے مفاد میں جمہوریت اور آئین کا گلا گھونٹا ہے ۔ ان کی ترقی صرف نعروں اور تقریروں تک محدود ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترقی کی اصلی شروعات تو چھ سال پہلے مرکز میں نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی کی سرکار کے بننے کے ساتھ ہوئی ہے ۔ وزیر اعظم کی ہی رہنمائی میں وہی کام اترپردیش میں ہورہا ہے ۔ چوطرفہ ترقی کی وجہ سے بی جے پی کی مقبولیت میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے ۔۔ عوام میں ایک مثبت تبدیلی آئی ہے ۔ ایسے میں کوئی موقع نہ دیکھ کر ان پارٹیوں کی ناخوشی اب بدحواسی میں تبدیل ہوچکی ہے ۔ لہذا وہ حکومت کو بدنام کرنے کا ہر ہتھکنڈا اپنا رہے ہیں لیکن ان کے منصوبے کبھی پورے ہونے والے نہیں ہیں۔مسٹر یوگی نے کہا کہ 1974 سے 2017 کے درمیان انسفیلائٹس سے پوروانچل کے 50ہزار معصوموں کی موت ہوئی۔ مرنے والوں میں سے زیادہ تر غریبوں کے بچے تھے ۔ کبھی کسی نے آواز نہیں اٹھائی۔ صرف تین سال میں ہم نے اِنسیفیلائٹس کو جڑ سے ختم کرنے کی جانب گامزن ہیں۔
