پہلے ونڈے کی شکست سے سبق لیں گے:فاف

   

کیپ ٹائون ۔21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا ہے کہ پہلے ونڈے میں شکست سے سبق سیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسکور بورڈ پر زیادہ رنز درج کرنے میں ناکام رہے اور اگر بڑا اسکور ہوتا تو نتیجہ ہمارے حق میں بھی آ سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہاشم آملہ ، ریسی فان ڈیر ڈوسین نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ ایک سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ پاکستان نے زیادہ اچھی بولنگ کی جبکہ بیٹنگ بھی بہتر تھی تاہم شکست سے سیکھا ہے اور آئندہ مقابلے میں زیادہ بہتر تیاری کے ساتھ میدان پر اتریں گے۔ یہ بات ذہن میں رکھی جائے کہ بولروں کو ہمیشہ موافق حالات نہیں ملیں گے اور انہیں حالات سے ہم آہنگ کرنا ہو گا۔ واضح رہے تین ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں مہمان پاکستان کو 3-0 سے وائیٹ واش کرنے کے بعد افریقی ٹیم کو پہلے ونڈے میں بہتر شروعات کے باوجود شکست برداشت کرنی پڑی حالانکہ اس مقابلہ میں ہاشم آملہ نے ریکارڈ سنچری اسکور کی تھی لیکن آخری اوورس میں میزبان بیٹسمین تیزی سے رنز بناتے ہوئے ہمالیائی اسکور کھڑا کرنے میں ناکام رہے۔