پہلے ٹسٹ سے قبل وارنر کا فٹ ہونا غیر یقینی : لانگر

   

کینبرا۔ آسٹریلیا کے کوچ جسٹن لانگر نے کہا ہے کہ انہیں ہندوستان کے خلاف پہلے ٹسٹ سے قبل اوپنر ڈیوڈ وارنر کے فٹ ہونے پر شک ہے ۔وارنر کو ہندوستان کے خلاف دوسرے ونڈے میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے وقت کمر میں چوٹ لگ گئی تھی جس کے بعد انہیں محدوداوورکی سیریز سے باہرکردیاگیا تھا۔ ان کی جگہ ٹی20 کے لئے ڈی آرسی شارٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ ہندوستان اورآسٹریلیا کے درمیان17 دسمبر سے پہلا ٹسٹ کھیلا جانا ہے ۔لانگر نے کہا وارنر کے فیزیو نے کہا کہ ان کی چوٹ کافی سنگین ہے ۔ وہ ڈریسنگ روم میں کافی درد میں تھے ۔ ہم ابھی کینبرا پہنچے ہیں اور اہم اگلے پانچ چھ دنوں تک انہیں نہیں دیکھ سکتے جب تک کہ سڈنی نہیں پہنچ جاتے ۔ انہوں نے کہامجھے وارنر کے پہلے ٹسٹ سے قبل فٹ ہونے کا یقین نہیں ہے لیکن یہ سچ ہے کہ وہ ایک پیشہ ورکھلاڑی ہیں اور واپسی کی ہرممکن کوشش کریں گے ۔ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ کیا صورت حال بنتی ہے لیکن ان کے نہ ہونے سے ہمیں نقصان ہوگا۔یاد رہے کہ وارنر نے ابتدائی دو مقابلوںمیں نصف سنچریاں اسکور کرنے کے علاوہ پہلی وکٹ کے لئے کپتان آرون فنچ کے ہمراہ سنچری پارٹنر شپ نبھائی ہے جس کی وجہ سے میزبان ٹیم نے ہندوستان کیخلاف ہمالیائی اسکور بنانے کے ساتھ سیریز میں آسان کامیابی حاصل کی ہے۔