پہلے ٹسٹ میں سری لنکا کا مظاہرہ اطمینان بخش:کرونارتنے

   

راولپنڈی۔16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکائی ٹیم کے کپتان دمتھ کرونارتنے نے پاکستان کے خلاف ڈرا ہونے والے پہلے ٹسٹ میچ میں دونوں ٹیموں کی حمایت کرنے پر پاکستانی شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے ہمیں پاکستان جیسی محبت دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں ملی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹسٹ میچ کے ذریعے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوئی تاہم بارش کی سبب میچ مکمل نہ ہو سکا اور میچ کا ڈرا پر اختتام ہوا۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کے کپتان سمتھ کرونارتنے نے اپنی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم میچ سے دو دن قبل پاکستان آئے اور کھلاڑیوں نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ دو دن بارش کی نذر ہو گئے لیکن میچ میں ہمارے لیے دو مثبت پہلو رہے، دھننجیا ڈی سلوا اور اوشادا کی اننگز بہت اچھی تھیں جبکہ دو فاسٹ بولروں نے بھی اس وکٹ پر اچھی بولنگ کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کاسن رجیتھا زخمی ہو گئے اور اسی وجہ سے وہ صرف6 اوورزکر سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی میں ہونے والے دوسرے ٹسٹ میچ میں موسم بہتر ہو گا اور ہمیں پورے پانچ دن کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا۔