ڈھاکہ ۔25 ڈسمبر( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش نے پاکستان میں ٹسٹ سیریز کھیلنے پر ایک مرتبہ پھر ہچکچاہٹ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹی20 سیریز کے لیے دورہ پاکستان کے لیے رضامند ہیں اور اس سیریز کے بعد ٹسٹ سیریز کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آئندہ سال جنوری اور فروری میں ٹی20 اور ٹسٹ سیریز مقرر ہے اور بنگلہ دیش ٹی20 سیریز کے لئے تو ٹیم پاکستان بھیجنے کے لیے تیار ہے لیکن ٹسٹ میچز کے لیے سیکیورٹی کو بنیاد بنا کر دورے سے انکارکی وجوہات تلاش کر رہا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا موقف تھا کہ وہ ٹی 20 میچز کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کے لیے تو تیار ہیں لیکن سیکیورٹی خدشات کے سبب ٹسٹ میچز کے لیے ٹیم کو پاکستان نہیں بھیج سکتے کیونکہ ٹیم زیادہ عرصے پاکستان میں قیام نہیں کر سکتی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس پر دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تیسرے مقام پر کوئی سیریز نہیں کھیلے گا اور تمام ٹسٹ میچ اپنی سرزمین پر کھیلے گا۔ کرک انفو کے مطابق پاکستان کے اس موقف کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے بیان میں نسبتاً نرمی آئی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹی 20 سیریز کھیلنے کے بعد اس کی بنیاد پر ٹسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے کا فیصلہ کریں گے۔