پہلے ٹی 20 میں نیوزی لینڈ 5 وکٹوں سے کامیاب

   

پالی کیلے ۔2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی20 میں سری لنکا کو سخت مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی۔ میچ کا فیصلہ تین گیند قبل ہوا۔ پالے کیلی میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹ پر 174رنز بنائے، اوپنر کشال مینڈس نے 53گیندوں پر 79رنز اسکور کئے۔ ان کی اننگز میں دو چھکے اور آٹھ چوکے شامل تھے۔ ڈکویلا نے 33رنز کی قیمتی اننگزکھیلی۔ اسورو اڈانا نے آخری لمحات میں صرف تین گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 15رنز بنائے۔ ٹم سائوتھی 20 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیکر کامیاب ترین بولر رہے۔ نیوزی لینڈ نے جوابی اننگز میں39 پر 3 وکٹیں کھودیں مارٹن گپٹل 11، کولن منرو صفر اور ٹم سائوتھی 15 رنزبناسکے۔ 44 رنز کی اچھی اننگز کھیلنے والے گرینڈ ہوم کو 44کے انفرادی اسکور پر ملنگا نے آوٹ کیا لیکن راس ٹیلر نے 48 اور مچل نے 16 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 3 گیندیں قبل جتوادیا۔ ملنگا اور ڈی سلوا نے فی کس2 وکٹیں لیں۔