’’پہلے پیٹا ، پھر پیٹھ پر لکھا دہشت گرد‘‘

   

پنجاب میں قیدی کا جیل سپرنٹنڈنٹ پر الزام

چنڈی گڑھ : پنجاب کے ضلع برنالہ کی جیل میںزیر سماعت قیدی نے جیل سپرنٹنڈنٹ پر تشدد کرنے اور اس کی پیٹھ پر دہشت گرد لکھنے کا الزام لگایا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ سکھجندر سنگھ رندھاوا نے معاملے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ 28 سالہ قیدی کرم جیت سنگھ نے یہ الزام ضلع مانسا کی ایک عدالت میں لگایا، جہاں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج ایک کیس کی سماعت ہو رہی تھی۔قیدی سنگھ نے دعویٰ کیا کہ قیدیوں کی حالت قابل رحم ہے۔ ایڈز اور ہیپاٹائٹس میں مبتلا افراد کو الگ وارڈز میں نہیں رکھا جاتا اور جب بھی میں نے بدسلوکی کا معاملہ اٹھانے کی کوشش کی تو جیل سپرنٹنڈنٹ مجھے پیٹتے تھے۔ تاہم جیل سپرنٹنڈنٹ بلبیر سنگھ نے تمام الزامات کی تردید کی ہے، اور کرم جیت سنگھ پر من گھڑت کہانیاں گھڑنے کا الزام لگایا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ این ڈی پی ایس ایکٹ سے لے کر قتل تک کے 11 مقدمات میں مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں اور اب وہ یہ الزامات اس لیے لگا رہے ہیں کیونکہ وہ ہم سے ناراض ہیں۔ ہم بیرکوں کی تلاشی لیتے رہتے ہیں اور آخری بار ہمیں اس کی بیرک میں موبائل فون ملا۔