لندن ۔ برطانیہ کے وزیرِاعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ حکومت کو پہلے کچھ ہفتوں اور مہینوں میں کورونا وائرس کی سمجھ نہیں آئی تھی۔ ایک انٹرویومیں انھوں نے تسلیم کیا کہ حکومت کچھ مختلف طریقے سے بھی وائرس سے نمٹ سکتی تھی۔انہوں نے بتایا کہ اس سے کچھ سبق سیکھنے چاہئیں کہ ابتدائی مراحل میں وائرس سے کیسے نمٹا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم پہلے کچھ ہفتوں اور مہینوں میں وائرس کو اس طرح نہیں سمجھے جس طرح ہمیں سمجھنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہاکہ ایک چیز جو ہم نے شروع میں نہیں دیکھی وہ یہ تھی کہ کس طرح وائرس ایک فرد سے دوسرے فرد میں بغیر کسی علامات کے منتقل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ کہنا مناسب ہو گا کہ ہمیں یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ اس سے ابتدائی مراحل میں کیسے نمٹنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے کھلے سوال بھی ہیں کہ کیا لاک ڈاؤن کافی دیر سے لگایا گیا، یہ وزرا کے اس اصرار سے بہت مختلف ہے جس میں وہ کہا کرتے تھے کہ صحیح وقت پر صحیح فیصلے کیے گئے تھے۔
