پہلے ہی دن وکٹ پر ٹرن حیران کن :اسدشفیق

   

کراچی ۔20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کا م) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق نے کہا ہے کہ کراچی ٹسٹ کے پہلے دن وکٹ پر حیران کن ٹرن تھا۔کراچی ٹسٹ کے پہلے دن کھیل پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد شفیق نے کہا کہ40، 50 رنز اور بن جاتے تو پاکستان کیلئے بہتر ہوتا، نصف سنچری کو سنچری میں نہ بدل پانے کا افسوس ہے۔ دوسری جانب سری لنکا کی جانب سے چار وکٹیں لینے والے لاستھ ایمبلدینیا نے کہا ہے کہ آخری سیشن میں نشانہ پر بولنگ کی جس سے وکٹیں ملیں، اگلے دنوں میں وکٹ مزید ٹرن لے گی۔ کراچی ٹسٹ کے پہلے روز پاکستان کی پوری ٹیم 59.3 اوورز میں 191 رنز بناکر آوٹ ہوگئی ، اسد شفیق نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے جبکہ بابراعظم 60 اور عابد علی 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے لیکن پہلے ہی دن وکٹ پر ٹرن نے سب کو حیران کردیا۔