امراوتی ( اے پی ) 16 جنوری ( پی ٹی آئی ) قدیم حلیف جماعتوں جنا سینا اور بی جے پی نے آج ایک بار پھر اتحاد کرلیا اور اعلان کیا کہ یہ اتحاد آندھرا پردیش میں تیسرا متبادل بننے کی کوشش کریگا ۔ ان دونوں جماعتوں کے مابین ماضی میں بھی اتحاد رہا تھا لیکن تین سال قبل یہ تعلقات منقطع کرلئے گئے تھے ۔ دونوں جماعتوں کا دعوی ہے کہ کچھ غلط فہمیوں کی وجہ سے ایسا ہوا تھا ۔ دونوں جماعتوں کو امید ہے کہ آپسی اتحاد کے ذریعہ وہ ریاست کی سیاست میںکچھ تبدیلیاں لاسکتے ہیں۔ ریاست میں مجالس مقامی کے انتخابات کا وقت قریب ہے ۔ اس اتحاد کو ایک تاریخی اور اہم تبدیلی قرار دیتے ہوئے جناسینا کے سربراہ پون کلیان اور ریاستی بی جے پی کے صدر کنا لکشمی نارائنا نے اس اتحاد کا اعلان کیا ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس اتحاد کے ذریعہ ریاست میں 2024 میں اقتدار حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ پریس کانفرنس سے قبل دونوں جماعتوں کے قائدین کا ساڑھے چار گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ دونوں قائدین کا کہنا تھا کہ ان کا اتحاد ریاست کے تحفظ کیلئے ہے ۔ انہوں نے یہ الزام عائد کیا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوگئی ہے ۔