پیاز مارکٹ کے محبوب گنج سے پٹن چیرو منتقلی کے احکامات

,

   

Ferty9 Clinic

آم اور موسمی کے مارکٹ گڈی انارم سے کوہیڈہ منتقلی کے احکامات
حیدرآباد۔28اپریل(سیاست نیوز) ریاستی حکومت بالخصوص محکمہ زراعت و باغبانی کی جانب سے لاک ڈاؤن کو غنیمت جانتے ہوئے ان کاموں کو مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جن کی انجام دہی کی صورت میں محکمہ کو نہ صرف تاجرین بلکہ عوامی برہمی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے گڈی انارم مارکٹ کی منتقلی کے فیصلہ کے بعد آج اچانک محبوب گنج سے پیاز کی مارکٹ کو خالی کروادیا گیا اور مرچی کی مارکٹ کو بھی خالی کروانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔شہر حیدرآباد اور نواحی علاقوں میں موجود ان بازاروں کو حکومت کی جانب سے نشانہ بناے کی عرصہ دراز سے منصوبہ بندی کی جا رہی تھی لیکن تاجرین کی برہمی اور عوامی احتجاج کے خدشات کے پیش نظر ان فیصلوں کو مؤخر رکھا گیا تھا لیکن اب جبکہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی صورتحال ہے ایسی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فروٹ مارکٹ‘ مرچی مارکٹ اور پیاز کی مارکٹ محبوب گنج کی منتقلی کے اقدامات کئے جا نے لگے ہے جو کہ عوامی مفاد میں نہیں ہے اور نہ ہی تاجرین کے مفاد میں ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں فروخت کیا جانے والا فروٹ زیادہ تر کتہ پیٹ گڈی انارم مارکٹ سے آتا ہے اور اس بازار سے ٹھیلہ بنڈی راں فروٹ حاصل کرتے ہوئے شہر کے بازاروںمیں فروخت کر تے ہیں لیکن 23 اپریل کو متعلقہ محکمہ کی جانب سے مارکٹ بند کردیا گیا اور تاجرین میں پھوٹ ڈالتے ہوئے صرف آم کے مارکٹ کو کوہیڈا منتقل کرنے کے احکامات جاری کرنے کے سلسلہ میں اطلاع دی گئی ہے لیکن دوسرے دن موسمی کے تاجرین کو بھی منتقلی کی ہدایت دی گئی اور اب دیگر کو بھی مارکٹ میں اندر داخل ہونے سے روکا جانے لگا ہے ۔ شہر حیدرآباد کو پھل سربراہ کرنے والے اس اہم بازار کو عین ماہ رمضان المبارک سے قبل کوہیڈا منتقل کردیا گیا اور اب محبوب گنج میں موجود پیاز کے مارکٹ کو پٹن چیرو منتقل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔