ذخیرہ اندوزی و بدعنوانیاں ناقابل برداشت ، وزیر زراعت نرنجن ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔12ڈسمبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے پیاز کی کالا بازاری کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور ریاست میں پیاز کی قلت نہیں ہے۔ ریاستی وزیر زراعت مسٹر نرنجن ریڈی نے بتایا کہ ریاست میں پیاز کی ذخیرہ اندوزی اور کالا بازاری کے خلاف کاروائی کو تیز کرنے کی عہدیدارو ںکو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ جہاں کہیں پیاز کی کالا بازاری یا ذخیرہ اندوزی کی شکایت موصول ہوں ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔ گذشتہ چند یوم کے دوران شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں پیاز کی کالا بازاری اور ذخیرہ اندوزی کے علاوہ خانگی بازارو ںمیں فروخت کی شکایات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر کے نرنجن ریڈی نے کہا کہ کسی بھی شئے کی ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں ہے اور موجودہ دور میں پیاز کی قلت سے پریشان عوام کو مزید پریشانیوں میں مبتلاء کرنے کی کوشش کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا بلکہ انہیں اشیائے ضروریہ کی کالا بازاری اور ذخیرہ اندوزی کے الزامات کے تحت حراست میں لیتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا سابق میں ریاستی محکمہ سیول سپلائز اور مارکٹنگ کے علاوہ محکمہ زراعت نے ذخیرہ اندوزی اور کالابازاری کرنے والوں کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت کاروائی کی تھی اور اگر اب پیاز کی کالابازاری یا ذخیرہ اندوزی کی جاتی ہے تو ان کے خلاف بھی پی ڈی ایکٹ کے نفاذ سے گریز نہیںکیا جائے گا۔ وزیر زراعت نے کہا کہ ریاستی حکومت اپنے شہریو ںکو بہر صورت راحت رسانی کے اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور اس بات کی کوشش کی جاتی رہی ہے کہ تلنگانہ میں کسی بھی ضلع میں عوام کو پیاز کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہو ںنے دعوی کیا کہ ریاست میں پیاز کی کوئی قلت نہیں ہے اور حکومت کی جانب سے کسانو ںکو رعایتی قیمت پر پیاز اگانے کیلئے تخم جاری کئے جا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں پیدا ہونے والی امکانی قلت سے بچا جا سکے۔ واضح رہے کہ شہر حیدرآباد میں پیاز کی قلت کے سلسلہ میں متعدد شکایات منظر عام پر آچکی ہیں اور اس بات کی بھی شکایات موصول ہورہی ہیں کہ حکومت کی جانب سے رعیتو بازار میں کی جانے والی پیاز کی فروخت میں بھی بڑے پیمانے پر دھاندلیاں اور بدعنوانیاں انجام دی جا رہی ہیں اور ان بدعنوانیو ںاور دھاندلیوں کے تدارک کے ذریعہ شہر حیدرآباد کے شہریوں کو پیاز کی کالابازاری کے سبب ہونے والی پریشانیوں سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔