مارکٹ میں 165 روپئے فی کیلو گرام فروخت، درآمدات کیلئے حکومت کوشاں
نئی دہلی 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پیاز کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں پیاز کی قیمتیں بھی مختلف ہیں۔ جمعہ کے دن فی کیلو پیاز 165 روپئے میں فروخت کی گئی۔ جبکہ حکومت پیاز کی درآمدات کے ذریعہ سربراہی کو یقینی بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔ حکومت نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ درآمد کی جانے والی یہ پیاز 20 جنوری تک ہندوستان پہونچ جائے گی۔ کئی شہروں میں پیاز کی قیمت رٹیل مارکٹ میں 100 روپئے فی کیلو گرام دستیاب ہورہی ہے جبکہ مہاراشٹرا کے ناسک علاقہ میں جہاں پیاز کی پیداوار کا بڑا مرکز ہے، جمعہ کے دن پیاز کی قیمت 75 روپئے فی کیلو گرام دیکھی گئی۔ پیاز کی رٹیل قیمتیں 165 سے 175 کے درمیان پائی گئی۔ کولکتہ میں 140 روپئے میں جبکہ بھوبنیشور میں 130 روپئے فی کیلو پیاز فروخت کی گئی۔ اُمور صارفین کی وزارت نے کہاکہ بلاشبہ پیاز کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے اِس کی اصل وجہ بارش کے باعث پیاز کی فصلوں کی تباہی ہے۔ مہاراشٹرا میں پیاز کی کئی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں جبکہ یہ ریاست پیاز کی پیداوار میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ حکومت نے بیرونی ملکوں سے 1.2 لاکھ ٹن پیاز درآمد کرنے کو منظوری دے دی ہے۔