پیاز کی قیمتوں میں پھر سے زبردست اضافہ

   

دو ہفتوں کے دوران پیاز کی قیمتوں میں 50 فیصد اضافہ مزید اضافہ کے اندیشے
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : پیاز کی سربراہی گھٹ جانے سے گذشتہ دو ہفتوں سے پیاز کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہورہا ہے ۔ طلب کے مطابق پیاز سربراہ نہ ہونے کی وجہ سے پیاز کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے جو صارفین پر اضافی بوجھ ثابت ہورہا ہے ۔ پیاز کی سب سے بڑی مارکٹ ناسک میں ہے جہاں پیر کو فی کلو پیاز کی قیمت میں 17 تا 26 روپئے تک اضافہ ہوا ہے ۔ معیاری پیاز کی قیمت ملک بھر کی ہول سیل مارکٹ میں 30 روپئے فی کلو فروخت ہورہی ہے ۔ سال 2023-24 کے ربیع سیزن میں پیاز کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے جس کی وجہ سے سربراہی میں کمی آئی ہے ۔ اس کے علاوہ مارکٹ میں پیاز کی مانگ کو دیکھتے ہوئے کسانوںاور ہول سیل ڈیلرس کی جانب سے پیاز کی بڑے پیمانے پر ذخیرہ اندوزی کرتے ہوئے بھی عارضی قلت پیدا کی جارہی ہے جس سے پیاز کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔ چلر فروش تاجرین کا بھی یہی احساس ہے ۔ ناسک سے تعلق رکھنے والے پیاز کے تاجر وکاس سنگھ نے کہا کہ مہاراشٹرا کی پیاز کی جنوبی ہند کی ریاستوں میں بہت زیادہ مانگ ہے ۔ سنگھ نے کہا کہ کسانوں اور ذخیرہ اندوزوں کو امید ہے کہ مرکزی حکومت ایکسپورٹ ڈیوٹی کو ہٹا دے گی جس سے فائدہ ہونے کی امید میں کسان اور تاجر بھاری مقدار میں پیاز کو ذخیرہ کررہے ہیں ۔ مارکٹ میں پیاز کی قلت پیدا ہوجانے کی وجہ سے پیاز کی قیمتوں میں بدستور اضافہ ہورہا ہے ۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں پیاز کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا ۔۔ 2