پیاز کی قیمت میں بھاری گراوٹ سے عوام کو راحت

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ میں زائد پیداوار،15 تا20 روپئے فی کیلو فروخت

حیدرآباد۔ /2مئی، ( سیاست نیوز) گزشتہ چند ماہ کے دوران عام آدمی کو زائد قیمت کے نتیجہ میں آنسو لانے والی پیاز کی قیمت اچانک گھٹ چکی ہے۔ کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں پیاز کی قیمت میں اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا تھا لیکن قیمتوں میں کمی سے صارفین خود حیرت میں ہیں۔ مہاراشٹرا اور کرناٹک سے پیاز کی درآمد میں کمی کے باوجود قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں جاریہ سیزن میں پیاز کی پیداوار وافر مقدار میں ہوئی ہے۔ ریٹیل مارکٹ میں پیاز 25 تا 30 روپئے دستیاب رہی لیکن گزشتہ دو تین دنوں سے قیمت گھٹ کر فی کیلو 15 تا20 روپئے ہوچکی ہے۔ بعض مقامات پر 50 روپئے میں 4 کیلو پیاز فروخت کی جارہی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلہ میں جاریہ سال تلنگانہ کے محبوب نگر اور گدوال کے علاوہ میدک، نظام آباد، رنگاریڈی میں پیاز کی بھاری پیداوار ہوئی ہے۔ فی الوقت شہر میں ہول سیل مارکٹ میں فی کنٹل 1000 تا 1500 روپئے پیاز دستیاب ہے جس کے نتیجہ میں ریٹیل مارکٹ میں پیاز کی قیمت کافی حد تک گھٹ چکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کی ضرورت کی 80 فیصد پیاز مہاراشٹرا سے سربراہ کی جاتی ہے لیکن کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں مہاراشٹرا سے حیدرآباد پیاز کی منتقلی بڑی حد تک متاثر ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں عوام قیمت میں اضافہ کا اندیشہ ظاہر کررہے تھے لیکن تلنگانہ کے اضلاع سے پیاز کے مارکٹ میں پہنچنے کے بعد قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ مہاراشٹرا سے پیاز کی درآمد میں کمی کے باوجود تلنگانہ کے اضلاع میں بھاری پیداوار نے اس کمی کو پورا کردیا ہے۔ پیاز کی قیمت میں کمی سے لاک ڈاؤن سے متاثرہ عوام کو بڑی حد تک راحت ملی ہے۔ تاجرین کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے بعد مہاراشٹرا اور کرناٹک سے پیاز حیدرآباد آئے گی جس کے نتیجہ میں قیمتوں میں مزید کمی ہوسکتی ہے۔