پیاز کی مہنگائی نے پانچ خواتین کو پہنچایا اسپتال ، ضمانت پر لوٹیں گھر ، جانیں کیا معاملہ

,

   

پیاز آدمی کو رلاتا ہے ، یہ کہاوت تو آپ نے کئی مرتبہ سنی ہوگی ، لیکن یہ پیاز مار بھی کھلواتا ہے ، کیا آپ نے اس کے بارے میں کبھی سنا ہے ۔ اگر نہیں سنا ہے تو آج سن لیجئے ، پیاز آپ کو مار بھی کھلوا سکتا ہے ۔ حال ہی میں ایسا ایک معاملہ امروہہ میں سامنے آیا ہے ۔

امروہہ کے گاوں کلاں کھیڑی میں نیہا نام کی ایک خاتون پیاز بیچنے والی خاتون سے اس کے دام پوچھ رہی تھی اور اس کو پیاز کے دام کم کرنے کیلئے کہہ رہی تھی ، تبھی اس کے پڑوس میں رہنے والی خاتون دپتی نے پیاز بیچنے والی خاتون سے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اس کی اوقات پیاز خریدنے نہیں ہے ، تم اس سے بات کرکے اپنا وقت ضائع کررہی ہو ، کہیں اور پیاز بیچ لو۔

نیہا نے اس کو خود کی بے عزتی محسوس کی اور دپتی سے گالی گلوچ کرنے لگی ، جس کے بعد دونوں کنبوں کی مزید خواتین اس جھگڑے میں کود پڑہیں ۔ دیکھتے ہی دیکھتے تنازع اتنا زیادہ بڑھ گیا کہ خواتین نے ایک دوسرے کے ساتھ مار پیٹ شروع کردی ، جس میں پانچ خواتین کو چوٹیں آئیں ، جن کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔

معاملہ کی شکایت پر پولیس نے چھ خواتین کو گرفتار کیا اور جمعرات کو عدالت میں پیش کیا ، جہاں سے سبھی کو ضمانت مل گئی ہے ۔ بتادیں کہ پیاز کی قیمت گزشتہ کچھ دنوں میں اتنی زیادہ بڑھ گئی ہے کہ عام آدمی اس کو خریدنے سے قاصر نظر آرہا ہے ۔ پیاز کے دام میں اضافہ کے بعد اس کو لے کر سیاست بھی شروع ہوچکی ہے۔