عنقریب 50 ہزار جائیدادوں پر تقرات ، ماڈل لائبریری کا افتتاح : ہریش راؤ
حیدرآباد :۔ وزیر فینانس تلنگانہ ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ عنقریب 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کیے جائیں گے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے ابھی تک ایک لاکھ 30 ہزار جائیدادوں پر تقررات کیے گئے ہیں ۔ سدی پیٹ میں ڈسٹرکٹ ماڈل لائبریری عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیدائش سے موت تک ہر کوئی طالب علم ہی ہوتا ہے ۔ قومی سطح کے اہلیتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کو یہ ماڈل لائبریری معاون و مددگار ثابت ہوگی ۔ اس ڈیجیٹل لائبریری میں جملہ 13 کمپیوٹرس ہیں ۔ مفت انٹر نیٹ کی سہولت سے استفادہ کرنے کا طلبہ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس لائبریری کو ڈیجیٹل لائبریری کے ذریعہ مربوط کیا گیا ہے ۔ مختلف مضامین کی کتابیں ، لائیو وزیولس ، انٹرنیشنل جنرلس اس لائبریری میں دستیاب رہیں گے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر تلنگانہ کو ہر شعبہ حیات میں ترقی دینے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں کئی شعبوں نے قومی سطح پر مثالی کارکردگی کے مظاہرے کیے ہیں ۔ سماج کا ہر طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہے ۔ 1.30 لاکھ جائیدادوں پر تقررات کردئیے گئے مزید 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ بہت جلد اعلامیہ کی اجرائی عمل میں آئے گی ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ طلبہ کو اگر کوئی کتابوں کی ضرورت ہو تو وہ تجاویز پیش کریں ۔ اس پروگرام میں رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی ، ضلع پریشد روجا شرما کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔