واشنگٹن ۔ 8 اگست (ایجنسیز) امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر گرین بیلٹ میں ایک وفاقی جج نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس حکم نامے کو روک دیا ہے جو پورے ملک میں پیدائش کی بنیاد پر شہریت کے حق کو محدود کرتا تھا۔ یہ فیصلہ جمعرات کے روز ایک اجتماعی مقدمے کے تحت سنایا گیا، جس میں وہ بچے شامل ہیں جو امریکہ میں پیدا ہوئے اور ٹرمپ کے حکم سے متاثر ہوتے۔وفاقی خاتون جج ڈیبورہ بورڈمین نے مہاجرین کے حقوق کے حامیوں کے موقف کی تائید کی، جنھوں نے ٹرمپ کے حکم کو معطل کرنے کی درخواست دی تھی۔ یہ فیصلہ حالیہ دنوں میں امریکی سپریم کورٹ کے ایک حکم کی حد واضح کرنے والا تازہ ترین اقدام ہے، جس میں نچلی عدالتوں کی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کو قومی سطح پر روکنے کی صلاحیت محدود کی گئی تھی۔ٹرمپ نے 20 جنوری کو عہدہ سنبھالنے کے پہلے ہی دن ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا تھا، جس میں سرکاری اداروں کو ہدایت دی گئی کہ ایسے بچوں کو امریکی شہریت نہ دی جائے جو امریکہ میں پیدا ہوئے ہوں مگر جن کے والدین میں سے کم از کم ایک کے پاس امریکی شہریت یا قانونی طور پر مستقل رہائش نہ ہو۔اس حکم کو فوراً ہی 22 ڈیموکریٹ اکثریتی ریاستوں کے اٹارنی جنرلز اور مہاجرین کے حقوق کے محافظوں نے عدالت میں چیلنج کر دیا۔