ریاستی صدر بی جے پی پر جگدیش ریڈی کا طنز، مودی کو دہلی کے قلعہ سے نیچے اتارنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے
سوریاپیٹ۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی نے صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کی پد یاترا پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کوئی کتنے ہی دورے کرلے کوئی فرق نہیں پڑتا، صفر کے سوا کوئی نتیجہ نہیں ملے گا۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ چاہے آپ پیدل سفر کریں یا گھٹنے ٹیکیں، عوام گھاس نہیں ڈالے گی۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال تمام دورے دہلی کی طرف ہیں۔ ملک میں چرچا ہے کہ بی جے پی کو دہلی کے قلعے سے نیچے لایا جائے۔مودی حکومت کو گرانا عوام کا فیصلہ ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ کی زندگیوں میں روشنیاں بھر دیں۔ سنجے جیسے لوگوں کی کوئی پرواہ نہیں کرتا۔ جگدیش ریڈی نے بنڈی سنجے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں سے کہنے کو کچھ نہیں ہے۔ گجرات میں 25 سالہ بی جے پی نے ایک منٹ بھی مفت بجلی نہیں دی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے سی آر کٹ، کلیانہ لکشمی شادی مبارک، رعیتو بندھو، رعیتوبھیما بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں کیوں نافذ نہیں کئے جارہے ہیں؟جگدیش ریڈی نے استفسار کیا کہ پیدل دورے کے دوران سنجے عوام کو کو کیا بتائیں گے۔ کیا سنجے عوام سے یہ کہیں گے کہ پٹرول کی قیمت 100روپئے سے زائد، ڈیزل کی قیمت 100 اور گیس کی 1000 کی گئی ہے۔کیا آپ کہیں گے کہ ووٹ ڈالیں گے تو ڈیزل، پیٹرول اور گیس کی قیمتیں پھر بڑھ جائیں گی؟ جگدیش ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کی اصلیت سے عوام بخوبی واقف ہوچکی ہے اب عوام بی جے پی کے جھانسے میں ہرگز نہیں آئے گی اور بری طرح مسترد ہوگی۔