پیرس : دنیا بھر کے سائبر کرمنلز اور ہیکرز نے پیرس اولمپکس کو نشانے پر لے لیا ہے۔ مقابلوں کے جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والی 338 ویب سائٹ کا پتا چلا ہے جن میں سے 51 کو بند بھی کیا جاچکا ہے۔ 140 ویب سائٹس کو نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں۔ یہ ویب سائٹس جعلی ٹکٹوں کے علاوہ لاٹری کے ٹکٹ بی فروخت کر رہی ہیں۔ ہیکرز، اسکیمرز اور دیگر سائبر کرمنلز نے پیرس اولمپکس کے منتظمین کو بھی نشانے پر لے رکھا ہے اور ساتھ ساتھ ڈیٹا بھی چرارہے ہیں۔ سائبر کرمنلز پیرس اولمپکس سے متعلق جعلی لاٹریز بھی انٹرنیٹ پر پیش کرکے لوگوں سے رقوم بٹور رہے ہیں۔ بہت سے ہیکرز انعامی اسکیموں کا جھانسا دے کر یوزرز سے اہم معلومات اْگلوارہے ہیں۔ یاد رہے کہ پیرس اولمپکس کے مقابلوں کے ٹکٹ خریدنے کی آفیشل ویب سائٹ tickets.paris2024. org ہے۔ بہت سے سائبر کرمنلز اور ہیکرز اولمپکس کے ٹکٹ فروخت کرنے کا جھانسا دے کر لوگوں سے معلومات طلب کرتے ہیں۔
اور پھر ان کے سسٹم میں وائرس داخل کرکے پورا ڈیٹا چرالیتے ہیں۔