پیرس اولمپکس : میڈلز ٹیبل پر چین کی پہلی پوزیشن برقرار

   

آسٹریلیا کا دوسرا، فرانس کا تیسرا مقام۔ برطانیہ و امریکہ کو اگلے درجے۔ انڈیا کا 50 واں نمبر

پیرس: اولمپکس 2024 کے ساتویں روز بھی میڈلز جیتنے کی کشمکش جاری رہی، میڈلز ٹیبل پر چین 14 گولڈ میڈلز کے ساتھ ٹاپ پر رہا۔ آسٹریلیا 12 گولڈ میڈل کے ساتھ دوسرے اور فرانس 11 طلائی تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آگیا ہے۔ برطانیہ کا 10 گولڈ میڈلز کے ساتھ چوتھا نمبر ہے۔ امریکہ کو 9 گولڈ میڈلز حاصل ہوئے ہیں اور تادم تحریر اُس کی پوزیشن پانچویں ہے۔ ٹاپ 10 کے دیگر ممالک ترتیب وار ساؤتھ کوریا، جاپان، اٹلی، نیدرلینڈز اور جرمنی ہیں۔ ہندوستان ابھی تک صرف تین برانز میڈلز جیت کر 50 ویں مقام پر ہے۔ پیرس اولمپکس میں بھارت کو آج مَنو بھاکر سے ایک اور میڈل کی توقع تھی لیکن نئی اسٹار ذرا سا چوک گئی اور 10 میٹر پسٹل ایونٹ میں چوتھی پوزیشن پر اکتفا کیا۔ ڈائیونگ کے مینز سنکرونائزڈ تھری میٹر اسپرنگ بورڈ کا گولڈ میڈل چین نے جیت لیا جبکہ میکسکو نے سلور اور برطانیہ نے برانز میڈل اپنے نام کیے۔ برطانیہ نے روئنگ، ٹریمپولین جمناسٹک اور ایکوسٹریئن کے جمپنگ ٹیم ایونٹ میں طلائی تمغے جیتے۔ بیڈمنٹن کے مکسڈ ڈبلز کا گولڈ میڈل چین نے جیتا جبکہ آرچری کے مکسڈ ٹیم ایونٹ کا گولڈ میڈل جنوبی کوریا کے نام رہا۔