پیرس اولمپکس میں حجاب پر پابندی ’ فرانس کا سخت موقف

   

پیرس ۔ پیرس اولمپکس 2024 کا آغاز26 جولائی کو ہوگا اور کھیلوں کا یہ میگا ایونٹ 11 اگست تک جاری رہے گا۔ اس بار اولمپکس میں 10,000 سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں ہندوستان کے 117 کھلاڑی شامل ہیں لیکن ان گیمز سے پہلے ایک ملک نے بڑا فیصلہ لیا ہے۔ اس ملک نے اپنے کھلاڑیوں پر حجاب پہننے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اس بار اس ملک کی خواتین ایتھلیٹس کو بغیر حجاب کے اولمپکس کھیلنا ہوں گے جس نے پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی ہے۔ یاد رہے کہ فرانس اولمپکس2024 کی میزبانی کررہا ہے۔ ان گیمز میں فرانس سے تقریباً 550 کھلاڑی حصہ لیں گے۔ فرانسیسی ٹیم اس وقت کئی سرخیوں میں ہے۔ دراصل فرانس نے اپنے ملک کی خواتین ایتھلیٹس پر حجاب پہننے پر پابندی لگا دی ہے۔ گزشتہ سال ستمبر میں فرانس کے وزیرکھیل ایمیلی کاسٹیرا نے یہ فیصلہ دیا تھا اور یہ فیصلہاولمپکس کے قریب آتے ہی سرخیوں میں آ گیا ہے۔ ستمبر 2023 میں، فرانسیسی وزیر کھیل نے اعلان کیا کہ اولمپک گیمز کے دوران کسی بھی فرانسیسی ایتھلیٹ کو ہیڈ اسکارف پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جس میں پیرس اولمپکس 2024 اور اس کے بعد ہونے والے پیرا اولمپک گیمز دونوں شامل ہیں۔ جاری کردہ بیان میں وزیرکھیل نے کہا تھا کہ ہمارے فرانسیسی دستے میں ہمارے وفد کے نمائندے حجاب نہیں پہنیں گے جو کہ کھیلوں کے میدان میں سختی سے نافذ سیکولرازم کے اصول سے جڑا ہوا ہے۔ ایسا اس لیے کیا جا رہا ہے کہ تمام کھلاڑی سیکولرازم قانون کے تحت برابر دکھائی دیں۔ تاہم اس فیصلے کو پوری دنیا میں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی ) نے تصدیق کی ہے کہ اولمپک ایتھلیٹس ویلج میں ایتھلیٹس حجاب پہننے کے لیے آزاد ہوں گے۔ آئی او سی کے ترجمان نے خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو مطلع کیا ہے کہ آئی او سی کے قوانین گیمز ویلج میں نافذ نہیں ہوں گے۔ حجاب یا مذہب یا ثقافت سے متعلق کوئی لباس پہننے پرکوئی پابندی نہیں ہوگی۔ گزشتہ سال رمضان المبارک کے دوران فرانسیسی فٹ بال فیڈریشن (ایف ایف ایف) نے ریفریزکو حکم دیا تھا کہ وہ افطار کے دوران میچ نہ روکیں۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ یہ رکاوٹیں ایف ایف ایف کے قوانین کے خلاف ہیں۔ اس دوران ایف ایف ایف نے تصدیق کی تھی کہ وہ مسلم کھلاڑیوں کے کھانے اور پریکٹس کے اوقات میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گا۔
ہندوستان کے 117 کھلاڑی میدان میں
نئی دہلی ۔ ہندوستان کی طرف سے جملہ 117 کھلاڑی اپنے دستے میںموجود ہیں، جن میں دو بار کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو اور 2020 ٹوکیو اولمپکس گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔ اس کے باوجود ایتھلیٹکس دستے کے سب سے بڑے گروپ کے لیے 29 ناموں (11 خواتین اور 18 مرد) کے لیے بنائے گا، اس کے بعد شوٹنگ (21) اور ہاکی (19) شامل ہیں۔نیرج چوپڑا پھر ایک مرتبہ میڈل کی دوڑ میں توجہ کا مرکز ہوں گے ۔