شنگھائی ۔ 5 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فرانس نے امریکہ کے پیرس موسمی معاہدہ سے نکل جانے کے فیصلہ پر یہ کہہ کر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے اس اقدام کی توقع کی جارہی تھی ۔ لہذا اب موسم اور بائیو ڈائیورسٹی پر چین اور فرانس کی شراکت داری پہلے سے زیادہ ضروری ہوگئی ہے۔ صدر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں یہ بات کہی گئی کیونکہ صدر موصوف ایمانیول میکرون اسو قت چین کے سرکاری دورہ پر ہیں۔ فرانسیسی صدر کے دفتر سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر موصوف اپنے چینی ہم منصب ژی جن پنگ کے ساتھ بات چیت کے بعد موسمیاتی تبدیلی پر چہارشنبہ کو ایک مشترکہ معاہدہ پر دستخط کریںگے جس کو پیرس معاہدہ کی افادیت کا اعلامیہ تصور کیا جائے گا ۔ امریکہ نے پیرس معاہدہ سے اپنی دستبرداری کا مکتوب اقوام متحدہ کے حوالے کردیا ہے ۔ یاد رہے کہ اس معاہدہ پر بات چیت امریکہ کے سابق صدر بارک اوباما نے کی تھی ۔ امریکہ 4 نومبر 2020 ء کو عملاً معاہدہ سے باہر ہوجائے گا جو امریکی صدارتی انتخابات کے ایک روز بعد ہوگا جہاں صدر ٹرمپ دوسری میعاد کیلئے قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔