لیما ۔ پیرو کے وزیر اعظم ہیکٹر ویلور پنٹو نے گھریلو تشدد کے الزامات کے درمیان اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ پنٹو کچھ عرصہ قبل پیرو کے وزیر اعظم بنے تھے اور اب انہوں نے اپنا استعفی صدر پیڈرو کاسٹیلو کو پیش کر دیا ہے ۔ پیرو کے آر پی پی ریڈیو نے ہفتے کے روز پنٹو کے حوالے سے کہا کہ میں آپ کو یہ بتانے آیا ہوں کہ میں شکست قبول کرتا ہوں۔ آر پی پی ریڈیو کے مطابق پنٹو نے اپنا استعفی صدر کاسٹیلو کو پیش کر دیا ہے ۔ مسٹر پنٹو مبینہ طور پر ان لوگوں کے خلاف مقدمہ چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں جنہوں نے ان کے خلاف گھریلو تشدد کے الزامات لگائے ۔ پنٹو یکم فروری کو پیرو کے نئے وزیر اعظم بنے تھے ۔ پنٹو کے عہدہ سنبھالنے کے ایک دن بعد میڈیا رپورٹس سامنے آئیں کہ ان کے خلاف بدعنوانی کے الزامات ہیں اور 2016 میں ان کی بیوی اور بیٹی نے ان کے خلاف گھریلو تشدد کی شکایت درج کرائی تھی۔ پنٹو نے تمام الزامات کی تردید کی ہے ۔