محبوب نگر : خاندان اولیاء سے وابستہ بزرگ پیر و مرشد و ممتاز نعت گو شاعر حضرت سید شاہ محمد جمیل الدین شرفی مرحوم سابق سجادہ نشین بارگاہ شرفی چمن حیدرآباد جن کے اسلاف بغداد سے ہوتے ہوئے براہ کرنول و گوڈور حیدرآباد پہنچ کر شرفی چمن کو اپنا مسکن بنایا، کی یاد میں ایک جلسہ خراج عقیدت و دعائے مغفرت کا انعقاد 27 ڈسمبر بروز اتوار 3 بجے دن بمقام کہکشاں ہال نیو ٹاؤن عمل میں آرہا ہے جس کی نگرانی ممتاز بزرگ استاد شاعر حضرت ظہیری شاہ احسن الشعراء کریں گے۔ جبکہ مہمانان خصوصی و مقررین کی حیثیت سے مسرز نور آفاقی عمدۃ الشعراء، غوث پاشاہ اتم شرفی، حکیم پاشاہ شرفی، حلیم بابر، بزرگ قائد مظہر شہید و دیگر ممتاز شعراء حضرت قبلہ کے ساتھ گزرے لمحات و مشاعروں کی کیفیات پر اظہار خیال کریں گے۔ حضرت قبلہ نے اپنے دور حیات میں نعتیہ و منقبتی مشاعروں کی ایک دلنواز تاریخ بنائی ہے جس کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ ریاست نگر و شرفی چمن کے مشاعروں کی عظمت و چاہت آج بھی باقی ہے جسے حضرت جمیل پاشاہ صاحب بڑے احسن انداز سے انجام دیتے تھے۔ ادبی اجلاس میں بعد اختتام خراج عقیدت و دعائے مغفرت نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا۔ جس کی نگرانی بزرگ شاعر حضرت نور آفاقی عمدۃ الشعراء کریں گے۔ جبکہ مہمانان خصوصی میں مسرز سلطان چشتی، اتم شرفی، مظہر شہید شریک رہیں گے۔ مشاعرہ میں محبوب نگر و جڑچرلہ کے نمائندہ شعراء کلام پیش کریں گے۔ چند شعراء حضرت قبلہ پر منظوم نذرانہ عقیدت بھی پیش کریں گے۔ اس طرح جلسہ خراج عقیدت و مشاعرہ اختتام کو پہنچے گا۔ جلسہ کی نظامت وحید پاشاہ قادری معتمد بزم کہکشاں کریں گے۔ جناب غوث پاشاہ اتم شرفی متولی بارگاہ حضرت برہنہ بادشاہ کی دعا ہوگی۔ جناب حلیم بابر داعی و صدر بزم کہکشاں نے شرکت کی خواہش کی ہے۔