پولیس تحقیقات کے دوران ملزم کا اعتراف
حیدرآباد 18 مئی (سیاست نیوز) زندگی گزارنے کے لئے انسان کو پیسہ کی ضرورت پڑتی ہے اور افراد خاندان کی ٹھیک انداز میں کفالت کے لئے انسانوں کو پیسوں کی سخت ضرورت ہوتی ہے۔ ایک ایسا ہی واقعہ عطاپور میں پیش آیا جس میں خاندان کے افراد کی طرف سے پیسے کمانے کے لئے شدید دباؤ ڈالا گیا جس پر ایک ڈگ واکر نے خود کو زخمی کرنے پر مجبور کردیا اور بعد میں یہ ڈرامہ کیا گیا کہ نامعلوم افراد نے اس پر حملہ کیا اور نقد رقم اور موٹر سائیکل لے کر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق نظیم 19 سالہ ساکن حسن نگر متوطن بہار جو دو سال قبل حیدرآباد کو منتقل ہوا تھا اور ڈیلیوری بوائے کے طور پر کام کررہا تھا۔ نظیم نے پہلے بلیڈ خریدی اور خود کو زخمی کرلیا اور 100 ڈائل کرکے پولیس کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے حملہ کرکے اِسے زخمی کردیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس مقام پر پہنچ گئی۔ پولیس کو اس نے بتایا کہ بلیڈ سے اس پر حملہ کرکے زخمی کرنے کے بعد نقد رقم اور موٹر سائیکل لے کر فرار ہوگئے۔ پولیس کو شبہ تھا کہ گانجہ کا استعمال کرنے کے بعد کسی گینگ نے یہ کام انجام دیا ہوگا اور تفتیش کے بعد پولیس کو نظیم پر شک ہوا اور پوچھ تاچھ پر اس نے اعتراف کرلیا کہ آنے والی عید کے لئے اس کے پاس رقم نہیں تھی اور افراد خاندان پیسہ کے لئے اس پر دباؤ ڈال رہے تھے جس پر اس نے یہ ڈرامہ کیا۔ گھر والوں کے شدید دباؤ کی وجہ سے اسے ایسا کرنا پڑا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔(ش)