پیشہ تدریس سے وابستہ گورنمنٹ ملازم کی خودکشی

   

ظہیر آباد ۔ 21 ۔ نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس اسٹیشن ظہیر آباد ٹاون کے حدود میں آج پھانسی لے کر خودکشی کرنے کا ایک بدبختانہ واقعہ پیش آیا ۔ خودکشی کرنے والا گورنمنٹ ملازم تھا اور وہ پیشہ تدریس سے وابستہ تھا ۔ تفصیلات کے بموجب ضلع وقار اباد کے موضع اللہ پور کے ایک اسکول میں بحیثیت ٹیچر برسر خدمت 34 سالہ محمد محسن چند ماہ سے دماغی عارضہ میں مبتلا تھا اور وہ پاگلوں کی طرح حرکتیں کرنے لگا تھا ۔ وہ 20 نومبر کو ڈیوٹی پر جانے کی اطلاع دے کر گھر سے روانہ ہوا اور ڈیوٹی پر رجوع ہونے کے بجائے براہ وقار آباد ظہیر آباد کے لئے روانہ ہوا اور ظہیر آباد پہنچ کر اس نے آر ٹی سی بس اسٹانڈ کے روبرو لب سڑک واقع تروملا لاج میں رات میں قیام کیا ۔ دوسرے دن 21 نومبر کو 11 بجے دن فون کے ذریعہ اپنے قریبی رشتہ داروں کو یہ پیغام روانہ کیا کہ وہ ابھی پھانسی لے کر خودکشی کر رہا ہے ۔ اطلاع ملتے ہی محمد محسن کے بڑے بھائی عبدالعزیز نے پولیس اسٹیشن ظہیر آباد ٹاؤن میں اس امر کی شکایت درج کرائی جس پر کارروائی کرتے ہوئے ایس آئی وٹھلیا نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ لاج کے روم میں پھانسی لے کر خودکشی کرنے والے محمد محسن کے پسماندگان میں 3 لڑکے اور ایک حاملہ اہلیہ شامل ہے ۔