جو ذمہ داریوں کو سمجھ کر اس میں قدم رکھتا ہے
TSTET کی افتتاحی کلاسیس سے پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد 16 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : عصر حاضر میں بہتر مستقبل کا تصور بغیر مسابقت کے ممکن نہیں ۔ یہی نہیں بلکہ تعلیمی میدان میں بھی رینک حاصل کیے بغیر داخلہ ممکن نہیں ۔ اسی طرح تدریس کے اہم پیشہ کیلئے TET کا امتحان کامیاب کرنا لازمی ہے ۔ چنانچہ پیشہ تدریس کی باریکیوں اور ذمہ داریوں کو پیش نظر رکھ کر حکومت تلنگانہ TET کا امتحان منعقد کررہی ہے ۔ مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات ( CEDM ) ، عثمانیہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام نظام کالج پر TSTET ( اردو میڈیم ) کوچنگ کلاسیس کا افتتاح کرتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم نے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر سرپرستی اس سنٹر کی جانب سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ دیگر مقامات میدک ، ظہیر آباد ، نظام آباد ، عادل آباد ، کریم نگر ، جگتیال ، ہنمکنڈہ ، نلگنڈہ ، محبوب نگر ، نرمل ، بودھن ، بھینسہ ، کورٹلہ ، کاغذ نگر اور کاماریڈی یعنی جملہ 16 مقامات پر بھی مفت کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ۔ ان تمام امیدواروں کو ماہر اساتذہ کے ذریعہ مفت کوچنگ دی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ انہیں مفت اسٹڈی میٹریل بھی فراہم کیا جائے گا ۔ پروفیسر شکور نے کہا کہ حال ہی اقامتی مدارس میں تقررات کیلئے امتحان میں شرکت سے امیدواروں کی کثیر تعداد محض اس وجہ سے محروم ہوگئی کہ وہ TET کامیاب نہیں تھے ۔ عام زمرہ امیدواروں کیلئے TET میں کم از کم 60 فیصد نشانات کا حصول ضروری ہے ۔ CEDM کی جانب سے اقلیتی امیدواروں کو مختلف مسابقتی امتحانات کی رہنمائی و تیاری کیلئے ہر ممکن سہولت پہونچائی جارہی ہے ۔ امیدواروں کو چاہئے کہ حکومت کی اس سہولت سے استفادہ کرکے اپنی کامیابی کو یقینی بنائیں ۔ عبدالکاظم پروجیکٹ اسوسی ایٹ نے خیر مقدم کیا اور آخر میں کریم النساء پروجیکٹ اسوسی ایٹ نے شکریہ ادا کیا ۔۔