حیدرآباد ۔ 24 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں مختلف پروفیشنل (پیشہ وارانہ) کورسیس میں داخلوں کے لیے منعقد کئے جانے والے مشترکہ انٹرنس (کامن انٹرنس ) ٹسٹ کے شیڈول (پروگرام ) کی اجرائی عمل میں آئی ۔ صدر نشین تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم مسٹر پاپی ریڈی نے آج ریاست میں منعقد کئے جانے والے کامن انٹرنس ٹسٹس کے شیڈول کا اعلان کیا اور بتایا کہ آئندہ سال 2 مئی 2020 کو ٹی ایس ای سیٹ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ جب کہ 5 ، 6 اور 7 مئی کو انجینئرنگ کورسیس میں داخلوں کے لیے ایمسیٹ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ علاوہ ازیں 9 اور 11 مئی کو ایگریکلچر و فارمیسی کورسیس میں داخلوں کے لیے ایمسیٹ منعقد ہوگا ۔ صدر نشین ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم نے مزید بتایا کہ 13 مئی کو پی ای سیٹ ، 20 اور 21 مئی کو آئی سیٹ ، 23 مئی کو ایڈ سیٹ ، 25 مئی کو لا سیٹ اور پی جی لا سیٹ اور 27 مئی تا 30 مئی تک پی جی سیٹ ( یونیورسٹیوں میں پوسٹ گریجویشن کورسیس میں داخلوں کے لیے ) کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ مسٹر پاپی ریڈی نے مذکورہ تمام مشترکہ انٹرنس ٹسٹوں کے لیے نامزد کئے گئے کنوینروں سے ٹسٹسوں کے انعقاد سے متعلق تمام ضروری انتظامات کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایات دیں ۔۔