4افراد کیخلاف پی ڈی ایکٹ ، سائبرآباد پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ سائبرآباد پولیس نے منظم انداز میں جرائم کرنے والے اور پیشہ ور مجرمین کیخلاف خصوصی مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ منظم انداز میں بار بار ایک ہی طرح کے جرم کا ارتکاب کرنے والے افراد کی نشاندہی کی جارہی ہے اور ان کے خلاف سخت اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس طرح کی ایک کارروائی میں کمشنر پولیس سائبرآباد وی ۔ سی ۔ سجنارنے آج 4 افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔ سرقہ کی وارداتو ں میں ملوث ان افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے احکامات نافذ کردیئے ۔ کمشنر پولیس 27سالہ وی آنند ساکن شانتی نگر 28سالہ جے یادیا ، 35 سالہ مرابائی یادیا ساکنان شانتی نگر چندا نگر اور 42سالہ پرکاش ناگیش شنڈے متوطن ناسک مہاراشٹرا کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔ ان سارقوں نے منظم انداز میں سرقہ کی وارداتیں انجام دی اور بار بار ایک ہی طرح کے جرم میں ملوث پائے گئے ۔ پانچ ماہ کے عرصہ میں انہوں نے 5وارداتیں چندا نگر پولیس حدود میں انجام دی ۔ ستمبر 2019 سے فبروری 2020تک ان کی سرگرمیاں عروج پر تھیں ۔ پولیس کے مطابق شنڈے نے سات رکنی ایک ٹولی تشکیل دی تھی اور نقلی شناختی کارڈ بناکر غیر قانونی سرگرمیاں انجام دیتا تھا ۔ اس نے مختلف مقامات پر اپنی مختلف شناخت ظاہر کی تھی ۔ سائبرآباد پولیس کے مطابق سال 2011ء سے شنڈے نے سرقہ کی وارداتوں کا آغاز کیا اور سال 2019 تک اس نے 28وارداتیں انجام دیں ۔ آندھراپردیش کے علاوہ ریاست میں شمس آباد شاد نگر اور کتور میں وارداتیں انجام دیں ۔ شمس آباد پولیس کی کارروائی میں شنڈے کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میںدیا گیا تھا ۔ کمشنر پولیس نے ان کے ریکارڈ اور سرگرمیوں کی بنیاد پر اقدامات کئے اور ایسے سارقوں کے خلاف پولیس کی مہم جاری ہے ۔