جے پور ممبئی ٹرین فائرنگ کے ملزم چیتن سنگھ کی جج سے عجیب فرمائش
ممبئی :گزشتہ مہینے چلتی ٹرین میں اپنے سینئر عہدیدار اور تین مسلم مسافروں کو گولی مار کر قتل کردینے کے ملزم ریلوے سیکورٹی فورس (آر پی ایف) کے کانسٹیبل چیتن سنگھ نے عدالت میں سماعت کے دوران جج سے کہا کہ اسے جب پیشی کیلئے عدالت میں لایا جاتا ہے، تو اسے نقاب میں نہ رکھا جائے۔ ذرائع کے مطابق، یہ پورا واقعہ 11 اگست 2023 کو چیتن سنگھ کی عدالت میں پیشی کے دوران ہوا تھا۔عدالت میں سماعت کے دوران جب بوریولی کورٹ کے جج نے ملزم چیتن سنگھ سے پوچھا کہ کیا اسے ریلوے پولیس کے خلاف کوئی شکایت ہے؟ اس کے جواب میں چیتن سنگھ نے کہا تھا کہ انہیں پولیس سے کوئی شکایت نہیں ہے، لیکن وہ اس ماسک کو نہیں پہننا چاہتے جو ان کے چہرے کو ڈھانپنے کے لیے پہنا جاتا ہے ،اسے بغیر ماسک کے عدالت میں لایا جائے۔ذرائع کے مطابق، ملزم چیتن سنگھ کے اس جواب کے بعد جج نے ریلوے پولیس سے نقاب کو ہٹانے کو لے کر جب سوال کیا، تو ریلوے پولیس نے کہا کہ ملزم کو نقاب پہننا ضروری ہے کیونکہ یہ سیکورٹی کا معاملہ ہے۔ آر پی ایف نے کہا کہ ٹرین فائرنگ کیس بے حد حساس کیس ہے۔ اس لیے ملزم کے چہرے کو پیشی کے دوران اور اسے واپس لے جانے کے وقت نقاب پہنانا بہت ضروری ہے۔‘ ریلوے پولیس کی اس بات کو عدالت نے بھی مان لیا ۔ ذرائع کے مطابق چیتن سنگھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے نہیں بلکہ ہر سماعت میں جسمانی طور پر عدالت میں پیش ہونا چاہتا ہے۔