ممبئی : مہاراشٹرا کے وزیرداخلہ انیل دیشمکھ نے مرکز کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے پیغمبر حضرت محمد ﷺ کے بارے میں فلم کی نشریات پر امتناع عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اِس ضمن میں شہر کی ایک تنظیم نے شکایت درج کرائی ہے جس کے بعد حکومت مہاراشٹرا نے اِس معاملہ کو مرکز سے رجوع کیا ہے۔ یہ فلم ڈیجیٹل پلیٹ فارمس کے لئے بنائی گئی ہے۔ دیشمکھ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت فلم پر پابندی کا مطالبہ کیا تاکہ ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال متاثر نہ ہونے پائے۔ ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ رضا اکیڈیمی ممبئی نے ریاست کے سائبر سیل سے شکایت میں کہاکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمس پر فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کی جائے۔ سرکاری بیان میں رضا اکیڈیمی کی شکایت کی تفصیلات کو صراحت سے پیش نہیں کیا گیا تاہم بیان سے واضح ہوجاتا ہے کہ اکیڈیمی اِس مسئلہ پر ریاستی حکومت سے رجوع ہوئی اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت عمل مرکز کا موضوع ہونے کی وجہ سے حکومت مہاراشٹرا نے اِس معاملہ کو مرکزی حکومت سے رجوع کیا ہے۔ وزیرداخلہ دیشمکھ نے مطالبہ کیاکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمس جیسے یو ٹیوب، فیس بُک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ و دیگر پر پیغمبر ﷺ سے متعلق فلم کی نمائش روکی جائے۔