پیانگ ہانگ۔ شمالی کوریا نے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی بین الاقوامی امن اور استحکام کی بدترین غارت گر ہیں۔ پیونگ یانگ نے ان پر شمالی کوریا مخالف جذبات بھڑکانے اور چین کو مشتعل کرنے کے الزامات بھی لگائے۔ امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی اس ہفتہ کے اوائل میں ایشیا کے اپنے دورے کے دوران جنوبی کوریا کے بعد تائیوان بھی پہنچی تھیں، جس کے بعد چین نے آبنائے تائیوان میں غیر معمولی فوجی مشقیں شروع کر دیں۔ ان میں میزائل حملوں کی تربیت اور جنگی جہازوں سے حملوں کی مشق بھی کی جا رہی ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ تائیوان اس کا حصہ ہے اور ضرورت پڑنے پر وہ اسے بہ زور طاقت اپنے ملک میں ضم کر لے گا۔ جنوبی کوریا کے دورے کے دوران پیلوسی نے شمالی کوریا سے ملحق سرحد کا دورہ کیا اور جنوبی کوریا کے اسمبلی کے اسپیکر کم جن پیاؤ کے ساتھ شمالی کوریا کے نیوکلیر پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے جزیرہ نما کوریا کو نیوکلیر ہتھیاروں سے پاک اور امن کے قیام کے لیے اپنی اپنی حکومتوں کی حمایت کرنے سے اتفاق کیا۔