واشنگٹن:امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ پینٹاگون کے ماس ٹرانزٹ ٹرمینل پر فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک اور کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو اس واقعے نے امریکی فوج کے ہیڈکوارٹر کو بند کرنے پر مجبور کر دیا تھا۔واشنگٹن کے قریب واقع آرلنگٹن میں پینٹاگون کی عمارت کے قریب ایک بس اور سب وے سٹیشن میں گولیاں چلنے کے بعد عمارت میں کام کرنے والے افراد کو ایک گھنٹے سے زائد وقت کے لیے ایک جگہ پر پناہ لینے کا حکم دیا گیا۔حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ کے 90 منٹ بعد جائے وقوعہ کو محفوظ کر لیا گیا۔ تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات دینے سے انکار کر دیا۔عمارت کے گرد گشت کرنے والی پینٹاگون فورس پروٹیکشن ایجنسی کے سربراہ ووڈرو کْس کا کہنا تھا کہ ’معاملہ ختم ہوگیا ہے، جائے وقوعہ محفوظ ہے اور سب سے اہم یہ کہ ہماری کمیونٹی کو کوئی مسلسل خطرہ نہیں ہے۔‘