پینٹگان کے باہر دھماکے کی جعلی تصویرکئی میڈیا چینلز نے بریکنگ نیوز چلا دی

   

واشنگٹن : امریکہ کے محکمہ دفاع پینٹگان کی عمارت کے باہر دھماکے کی تصویر کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے بنائی گئی جعلی تصویر قرار دیا گیا ہے۔پیر کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹوئٹر‘ پر کئی ویری فائیڈ اکاؤنٹس پر ایک تصویر اچانک گردش کرنے لگی تھی جس میں پینٹگان کی عمارت کے باہر سیاہ دھواں اٹھتا ہوا دکھایا گیا تھا۔ تصویر سے ایسا تاثر مل رہا تھا جیسے عمارت کے باہر دھماکہ ہوا ہے۔ٹوئٹر پر متعدد ویری فائیڈ اکاؤنٹس پر یہ تصویر شیئر کی گئی اور اس کے ساتھ عبارت تحریر کی گئی کہ امریکہ میں پینٹگان کے باہر دھماکہ ہوا۔دنیا کے بعض ٹی وی چینلز نے اس پر بریکنگ نیوز بھی چلائی جب کہ کچھ نیوز چینلز پر تجزیے بھی شروع کر دیے گئے۔ امریکہ کے محکمہ دفاع کا ہیڈ کوارٹرز پینٹگان دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے قریب ریاست ورجینیا کی آرلنگٹن کاؤنٹی میں واقع ہے۔آرلنگٹن کاؤنٹی کے فائر ڈپارٹمنٹ کا ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہنا تھا کہ پینٹگان اور فائر ڈپارٹمنٹ اس بات سے آگاہ ہیں کہ سوشل میڈیا پر پینٹگان کے باہر دھماکے کی تصویر زیرِ گردش ہے۔پینٹگان یا اس کے قربوجوارمیں ایسا کوئی بھی واقعہ پیش نہیں آیا۔اورعوام کیلئے کوئی خطرہ نہیں ہے۔