پینے کے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے

   

Ferty9 Clinic

لائن مینوں کا اہم رول ۔ ایم ڈی واٹر ورکس دانا کشور کا خطاب
حیدرآباد 10 اگست (سیاست نیوز) شہر میں پینے کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے ’لائن مینس‘ کو اہم رول ادا کرنا چاہئے چونکہ پانی ضائع ہونے کے مقامات سے لائن مینس ہی واقف ہوا کرتے ہیں۔ آج حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ میں ’لائن مینوں‘ کیلئے ٹریننگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مینیجنگ ڈائرکٹر دانا کشور نے بتایا کہ سینکڑوں کیلومیٹر فاصلے سے دریائے کرشنا و دریائے گوداوری سے پانی لاکر شہر میں سربراہ کیا جاتا ہے ۔ ۔ ہر روز ایک اندازہ کے مطابق زائد از 50 ملین گیالنس پانی ضائع کیا جارہا ہے۔ دانا کشور نے اس صورتحال پر عہدیداروں و دیگر اسٹاف کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 150 علاقوں میں برسر کار لائن مینوں کو اپنے حدود میں پانی ضائع ہونے کی وجوہات پر رپورٹس متعلقہ جنرل مینیجرس کو پیش کرنے کی ہدایات دیں انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ حدود میں برسر کار جملہ 600 لائینس مینس ہیں اور پانی چھوڑنے اور بند کرنے میں ان لائینس مینوں کا اہم رول ادا کرتا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ عہدیداران کو مشورہ دیا کہ ہر ڈیویژن سے پانچ سینئر لائن مینوں کا انتخاب کرکے کمیٹی تشکیل دے کر مختلف مسائل کا انسداد کرنے تبادلہ خیال کریں اور کمیٹی میں لائن مینوں کو مناسب ٹریننگ دینے اقدامات بھی کئے جانے چاہئیں۔ اس موقع پر ایگزیکٹیو ڈائرکٹر واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ ایم ستیہ نارائنا پراجیکٹ II ڈائریکٹر ڈی سریدھر بابو ٹیکنیکل ڈائریکٹر وی ایل پروین کمار و دیگر موجود تھے۔