بودھن میں رکن اسمبلی سدرشن ریڈی کا کلکٹر کے ہمراہ دورہ ، واٹر فلٹر بیڈ کی صفائی کی ہدایت
بودھن ۔6 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سابقہ ریاستی وزیر و رکن اسمبلی بودھن پی سدرشن ریڈی نے ضلع کلکٹر نظام آباد راجیوگاندھی ہنمنتو کے ہمراہ بودھن شہر کو پینے کا پانی سربراہ کئے جانے والے مرکز رکاس پیٹ واٹر فلٹر بیڈ کا دورہ کیا اور یہاں پر محفوظ پینے کا پانی کی سربراہی کے نظام پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موسم باراں کے دوران ناقص پینے کا پانی استعمال کرنے کی وجہ سے وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ رہتا ہے ۔ ایم ایل اے بودھن نے واٹر فلٹر بیڈ میں آلودہ پانی کی بہتر صاف صفائی کیلئے مقررہ مقدار میں کیمیکلس وغیرہ پانی میں ملانے کی فلٹر بیڈ کے نگرانکار انجینئر کو ہدایت دی ۔ انھوں نے میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بودھن شہر کے بلدی حلقوں میں سڑکوں اور ڈرینجس کی تعمیر کے علاوہ نوتعمیر کالونیوں میں پینے کا محفوظ پانی سربراہ کرنے جملہ چار نئے واٹر ٹینک کی تعمیر کیلئے حکومت نے منظوری دے دی ۔ رکن اسمبلی بودھن سدرشن ریڈی کے بودھن شہر کے دورہ کے دوران ضلع کلکٹر کے علاوہ ٹاؤن صدر کانگریس شیخ محی الدین پاشاہ نمائندہ چیمبر پرسن بلدیہ شرت ریڈی کونسلر اور کانگریس پارٹی کے قائدین و سرگرم کارکنوں کے علاوہ عہدیدار بھی ساتھ میں موجود تھے ۔