پیوش گوئل پر توہین کرنے کا الزام، وزراء کی پریس کانفرنس

   

حیدرآباد ۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے چار وزراء نے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر مرکزی حکومت کے رویے کی سخت مذمت کی۔ اگادی کے بعد بڑے پیمانے کی مہم شروع کرتے ہوئے بی جے پی اور مرکزی حکومت کے گھمنڈ و تکبر کو چور چور کردینے کا انتباہ دیا۔ آج تلنگانہ بھون میں وزراء پرشانت ریڈی، گنگولہ کملاکر، پی اجئے کمار اور نرنجن ریڈی نے مشترکہ پریس کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے دہلی میں ہوئی مرکزی وزیر پیوش گوئل سے ملاقات اور دھان کی خریدی کے مسئلہ پر ہوئے تبادلہ خیال کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ سے دھان خریدنے سے صاف انکار کررہی ہے اور ساتھ ہی مرکزی وزیر نے توہین آمیز لب و لہجہ کا اظہار کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کی توہین کی ہے جس پر انہیں فوری تلنگانہ کے عوام سے معذرت خواہی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے تلنگانہ کی ترقی کیلئے ایک روپیہ بھی نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس کا تلنگانہ کے عوام نے ایسا بدلہ لیا ہے کہ کرن کمار ریڈی کا سیاسی وجود ہی ختم ہوگیا ہے۔ مرکزی حکومت ہر شعبہ میں تلنگانہ سے ناانصافی کررہی ہے اور نمائندگی کرنے کیلئے دہلی پہنچنے والے تلنگانہ کے وزراء کی توہین کررہی ہے۔ تلنگانہ عوام کے مفادات کا تحفظ کرنے کیلئے ہم ہر توہین کو برداشت کریں گے۔ وقت آنے پر سود کے ساتھ بی جے پی کو لوٹائیں گے۔ یکم اپریل تک ریاست کے تمام گرام پنچایتوں، منڈل پریشدس، ضلع پریشدس میں دھان خریدنے کی قراردادیں منظور کرتے ہوئے وزیراعظم مودی کو روانہ کی جائیں گی۔ اگادی کے بعد بی جے پی اور مرکزی حکومت کے خلاف تلنگانہ تحریک کے طرز پر تحریک شروع کی جائے گی۔ وزراء نے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی اور تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے اور بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ کو تلنگانہ کے ہونے کا ثبوت پیش کرنے پر زور دیا۔ن